زمیں بھی تخلیق کی گئی ہے ، فلک بھی جس کے لئے بنایا – نعت
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ اپریل 2010ء میں شائع ہونے والی مکرم صادق باجوہ صاحب کی نظم ’’مراجعتِ مکّہ‘‘ سے انتخاب پیش ہے:
زمیں بھی تخلیق کی گئی ہے ، فلک بھی جس کے لئے بنایا
وہی ہے درّیتیم یکتا ، مثیل جس کا نہ تھا ، نہ آیا
عجیب منظر جہاں نے دیکھا وہ کوہِ فاراں پہ جلوہ گر تھا
جسے نکالا گیا وطن سے وہ بن کے شاہِ جہان آیا
نرالی فتحِ عظیم دیکھی ، سلام فاتح کی عظمتوں کو
نہ پہلے دنیا نے ہوتے دیکھا نہ ایسا منظر کبھی پھر آیا
جُھکا ہوا سر تھا اونٹنی پر ، لبوں پہ حمدوثنا تھی جاری
عدو کی خاطر جو حکم آیا تو درگزر کی نوید لایا