زوآلو جسٹ آف ائیر 2002ء
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍اپریل 2004ء میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق مکرم پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف خان صاحب سابق پروفیسر تعلیم الاسلام کالج ربوہ حال مقیم امریکہ کو سال 2002ء کا زوآلوجسٹ آف دی ائیر ایوارڈ دیا گیا ہے۔
اس خبر کے ساتھ اخبار میں مکرم ڈاکٹر صاحب کا مختصر تعارف بھی پیش کیا گیا ہے۔ (آپ کے ایک انٹرویو کا خلاصہ قبل ازیں 14؍مارچ 1997ء کے الفضل انٹرنیشنل کے اسی کالم کی زینت بن چکا ہے۔)
آپ پاکستان میں رینگنے والے جانوروں کے بارہ میں علم کے بانی ہیں اور اس تحقیق کے دوران آپ نے 34نئی انواع و اقسام (Species)دریافت کی ہیں جن میں سانپوں کی 11چھپکلیوں کی 15اور خشکی وتری کے جانوروں کی 8انواع شامل ہیں۔ آپ کے تقریباً دو صد تحقیقی مضامین دنیا کے مختلف سائنسی مجلوں میں شائع ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے رینگنے والے اور خشکی وتری کے جانوروں کے بارہ میں آپ کی دس کتب اردو، انگریزی اور جرمن زبان میں شائع ہو چکی ہیں۔ آپ نے تحقیق کے مختلف پراجیکٹس میں WWFپاکستان اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے ساتھ کا م کیا ہے۔ M.Scکے متعدد مقالوں کو سپروائز بھی کر چکے ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد آپ نے اپنا تمام جمع شدہ تحقیقی مواد کو نیشنل ہسٹری میوزیم گورنمنٹ کالج لاہور کو عطیہ کے طور پر دے دیا جس میں بے شمار انواع واقسام کے رینگنے والے اور خشکی وتری کے جانور شامل تھے۔