سائے میں فضلوں کے تیرے مَیں ہوا بابرگ و بار – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍جولائی 2006ء میں مکرم اے آر بدر صاحب کی ایک نظم شامل اشاعت ہے جو حضرت مسیح موعودؑ کے کلام پر تضمین ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
سائے میں فضلوں کے تیرے مَیں ہوا بابرگ و بار
باغ میں تیری محبت کے ملے شیریں ثمار
میرے آنے سے گیا دورِ خزاں آئی بہار
’’اے خدا اے کارساز و عیب پوش و کردگار
اے مرے پیارے مرے محسن مرے پروردگار‘‘
مَیں ازل سے ہوں اسی کا وہ مرا جان جہاں
ہر گھڑی اس کے حصار عافیت میں میری جاں
اے عدو مجھ تک پہنچنے کی تجھے قدرت کہاں
’’سر سے پاؤں تک وہ یار مجھ میں ہے نہاں
اے مرے بدخواہ کرنا ہوش کرکے مجھ پہ وار‘‘