سالانہ اجتماع کی برکات
مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے سہ ماہی رسالہ ’’مجاہد‘‘ برائے بہار 2010ء میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کا 2008ء میں منعقد ہونے والا سالانہ اجتماع کئی پہلوؤں سے منفرد تھا۔ اس اجتماع کا ایک حصہ اُن پرانے امریکی احمدیوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کے لئے وقف تھا جنہوں نے ابتدائی دَور میں قبولِ احمدیت کی سعادت حاصل کی تھی۔ اسی طرح اجتماع میں نواحمدی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے پہلی بار شرکت کی۔ اُن میں سے بعض نے اپنے روحانی سفر کی ایمان افروز داستانیں بیان کیں۔ ان کا مرکزی نقطہ یہی تھا کہ اسلام کی پُرامن تعلیمات کو محبت اور اخوّت کے ساتھ جب احمدیوں نے عملاً پیش کیا تو اِس کیفیت سے نظر چُرانا ممکن ہی نہیں رہا۔ چنانچہ شکاگو سے آنے والے ایک مہمان نے اجتماع میں اسی نظارہ سے لطف اندوز ہونے کے بعد احمدیت قبول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔