سبزیوں کے کرشمے
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18اکتوبر 2006ء میں مکرم حکیم عبدالحق بٹ صاحب کا مضمون شائع ہوا ہے جس میں سبزیوں کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
گاجر آنکھ کو نور اور دل کو سرور و تقویت ہی نہیں دیتی، سرطان جیسے مرض کے لئے بھی ڈھال ثابت ہوتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق گاجر میں موجود ایک مرکب FALCARINOL میں کیڑے مار صلاحیت ہوتی ہے۔ اس قدرتی کرم کش سے تجربہ گاہ کے چوہوں میں سرطان کے خطرے میں ایک تہائی کمی دیکھی گئی۔ یہی مرکب گاجر کو پھپھوندی لگنے کے مرض سے محفوظ رکھتا ہے۔
اس تحقیق کی تکمیل کے بعد لوگوں کو دن میں پانچ مرتبہ سبزیاں اور پھل کھانے کے بجائے، ایک خاص قسم کی سبزی یا پھل ایک خاص مقدار میں کھانے کا مشورہ دیا جاسکے گا۔ اس تحقیق کے بعد کسانوں کو یہ بتانا بھی ممکن ہوجائے گا کہ وہ سبزیوں کی کس قسم کی زیادہ کاشت کریں۔ اب تک یہ تجربہ تازہ کچی گاجروں کے استعمال تک محدود ہے، اب یہ بھی دیکھنا ہے کہ کیا یہی فائدہ ابلی ہوئی گاجروں اور ان کارس استعمال کرنے سے بھی حاصل ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر برینڈ کے مشورے کے مطابق مناسب یہ ہے کہ لوگ روزانہ ایک چھوٹی تازہ گاجر کے ساتھ دیگر سبزیاں اور پھل بھی کھاتے رہیں۔ ان کے مطابق فال کیرینول کی زیادہ مقدار زہریلی ہوتی ہے لیکن یہ مہلک مقدار ایک ہی دفعہ 400 کلوگرام گاجرکھانے سے حاصل ہوتی ہے۔