سگریٹ نوشی ترک کردیں
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14؍مئی 1998ء میں سگریٹ نوشی ترک کرنے کے بعض طریقے بیان کرتے ہوئے مکرم رضوان شاہد صاحب اپنے مختصر مضمون میں رقمطراز ہیں کہ اس کے لئے سب سے پہلے پختہ ارادہ کریں اور اس نیک مقصد میں کامیابی کے لئے دعا بھی کریں۔
سگریٹ نوشی کرنے والوں کی صحبت سے اجتناب کریں تاکہ آپ کو ترغیب ہی نہ پیدا ہو۔ اور سگریٹ اور اس سے متعلقہ تمام اشیاء کو تلف کردیں اور اپنی نظر سے دور رکھیں۔ اسی طرح صبح کی سیر کو اپنا معمول بنالیں اور اس دوران گہرے اور لمبے سانس لینے کی عادت ڈالیں۔ یہ سیر کھلی فضا میں اور آبادی سے دور ہو تو بہتر ہے۔ اور ممکن ہو تو شام کو بھی سیر کی جائے۔
زیادہ دیر تک بھوکے نہ رہیں۔ اس سے سگریٹ پینے کی اشتہا بڑھے گی۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ بلاضرورت کھاتے رہیں اور اپنا وزن بڑھالیں جو فی ذاتہٖ ایک خطرناک بات ہے۔ نیز اپنی خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کو ترجیح دیں ۔ گوشت اور بھُنی ہوئی چیزوں کو کم استعمال کریں۔