سیرۃ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کی قوت قدسیہ
اَنصار ڈائجسٹ
فرخ سلطان محمود
(مطبوعہ انصارالدین مئی جون 2012ء)
1895ء میں بذریعہ خط حضرت مسیح موعودؑ کی غلامی میں آنے والے حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ کو 1897ء میں زیارت کا شرف عطا ہوا۔ حضورؑ نے 1898ء میں ایک اشتہار شائع فرمایا جس میں 316 منتخب اصحاب کے نام درج فرمائے ان میں 299 نمبر پر آپؓ کا نام تحریر ہے۔ آپؓ کو حضرت مسیح موعودؑ کے ساتھ جہلم کے سفر میں معیت کی سعادت بھی عطا ہوئی۔
حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ1866ء میں پیدا ہوئے اور 90 سال کی عمر پاکر 7؍ نومبر 1956ء کو وفات پائی۔ 21 مئی 1906ء کو آپؓ نظام وصیت میں شامل ہوئے۔ آپؓ کا وصیت نمبر 102 ہے۔ اسی طرح تحریک جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں آپ کا نمبر 526 ہے۔ آپؓ کا جنازہ حضرت مصلح موعودؓ نے پڑھایا اور 9نومبر 1956ء کے خطبہ جمعہ میں فرمایا:
’’میاں فضل محمد صاحب …کے ایک لڑکے نے بتایا کہ والد صاحب کہا کرتے تھے کہ مَیں نے جس وقت بیعت کی اس کے قریب زمانہ میں ہی مَیں نے ایک خواب دیکھا جس میں مجھے اپنی عمر 45 سال بتائی گئی۔ مَیں حضرت مسیح موعودؑ کی خدمت میں حاضر ہوا اور رو پڑا اور مَیں نے کہا حضور! بیعت کے بعد تو میرا خیال تھا کہ حضور کے الہاموں اور پیشگوئیوں کے مطابق احمدیت کو جو ترقیات نصیب ہونے والی ہیں انہیں دیکھوں گا مگر مجھے تو خواب آئی ہے کہ میری عمر صرف 45 سال ہے۔ اس پر حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا: گھبراہٹ کی کوئی بات نہیں اللہ تعالیٰ کے طریق نرالے ہوتے ہیں شاید وہ 45 کو 90 کردے۔ چنانچہ کل جو وہ فوت ہوئے تو اُن کی عمر پورے 90 سال کی تھی۔ اس طرح احمدیت کی جو ترقیات ملیں وہ بھی انہوں نے دیکھیں اور 61 جلسے بھی دیکھے۔ان کے چار بچے ہیں جو دین کی خدمت کررہے ہیں۔ ایک قادیان میں درویش ہوکر بیٹھا ہے۔ ایک افریقہ میں مبلغ ہے۔ ایک یہاں مبلغ کا کام کرتا ہے اور چوتھا لڑکا مبلغ تو نہیں مگر وہ اب ربوہ آگیا ہے اور یہیں کام کرتا ہے۔ پہلے قادیان میں کام کرتا تھا۔ لیکن اگر کوئی شخص مرکز میں رہے اور اس کی ترقی کا موجب ہو تو وہ بھی ایک رنگ میں خدمتِ دین ہی کرتا ہے۔…‘‘
* حضرت مصلح موعودؓ نے خواب کا ذکرکیا ہے جو حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ نے اپنی عمر کے بارہ میں دیکھی تھی۔ آپؓ بیان فرماتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ نے مجھے خواب میں فرمایا تھا کہ آپ کے گھر تین بیٹے ہوں گے۔ پہلے کا نام عبدالغنی دوسری کا نام ملک غنی اور تیسرے کا نام پتال غنی رکھنا اور آپ کی عمر 45 سال کی ہوگی۔ جب مَیں قادیان آیا تو حضورؑ مسجد کے اوپر بیٹھے تو چند اور اصحاب بھی وہاں بیٹھے تھے۔ مَیں نے اپنی خواب عرض کی تو مولوی عبدالکریم صاحبؓ ہنس کر بولے کہ پھر بتلاؤ کہ پہلے کا نام کیا ہے اور دوسرے کا نام کیا۔ جب مَیں نے دوبارہ بتلایا تو وہ پھر بولے کہ پھر بتلاؤ۔ تو مَیں نے عرض کی کہ حضور! مولوی صاحب تمسخر کرتے ہیں اور مجھے بڑا غم لگا ہوا ہے۔ حضورؑ مسکراکر بولے کہ آپ کو کیا غم ہے۔ تو مَیں نے عرض کی کہ حضور میری عمر اس وقت تقریباً تیس سال کی ہے اور تھوڑی باقی رہ گئی ہے۔ ابھی مَیں نے حضورؑ کا زمانہ دیکھنا ہے۔ اس پر حضورؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قادر ہے وہ دوگنی کردیا کرتا ہے۔
حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ کی بیان فرمودہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی پہلی بیعت اُس وقت اتفاقاً ہوگئی تھی جب آپ کے ایک دوست نے بیعت عام کے وقت آپ کا ہاتھ پکڑ کر آگے کردیا تھا۔ لیکن چند روز بعد اس سوچ کے نتیجہ میں آپ نے ایک جوش کے ساتھ دوبارہ قادیان جاکر بیعت کرلی کہ قادیان میں جو کچھ بھی دیکھا یا سنا وہ سب عین اسلام ہے۔ کچھ عرصہ بعد آپ کی اہلیہ محترمہ نے بھی ایک خواب کے نتیجہ میں قادیان جاکر بیعت کی سعادت پائی۔ اُن کا مختصر ذکرخیر آئندہ آئے گا۔ ذیل میں حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ کی بیان فرمودہ چند ایمان افروز روایات ہدیۂ قارئین ہیں:
* آپؓ بیان فرماتے ہیں کہ کچھ عرصہ بعد آپ کے گاؤں کی مسجد کے دروازے (فسادیوں کی طرف سے) احمدیوں کے لئے بند کردیئے گئے تو آپؓ نے قادیان جاکر یہ حالات حضرت مسیح موعودؑ کے گوش گزار کئے۔ اس پر حضورؑ نے فرمایا کہ صبر کرو یہ سب مسجدیں تمہاری ہی ہیں۔ چنانچہ بعد میں وہ مسجد احمدیوں کو ہی مل گئی۔
* حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ بیان فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام سیر سے واپس تشریف لائے اور گھر میں داخل ہونے لگے تو مَیں نے آگے ہوکر عرض کی کہ حضور! مَیں نے سنا ہے کہ پہلے زمانہ میں بزرگ، اگر کسی کو کچھ تکلیف ہوتی تھی تو اس پر وہ اپنے منہ کی لعاب لگادیا کرتے تھے تو اس کو شفا ہوجاتی تھی۔ میری آنکھوں پر ہمیشہ پھنسیاں نکلتی رہتی ہیں۔ اس پر حضورؑ مسکراپڑے اور کچھ پڑھ کر آنکھوں پر دَم کیا۔ اس روز سے آج تک تقریباً 35 برس گزرگئے ہیں، میری آنکھ پر کبھی پھنسی نہیں ہوئی بلکہ میری آنکھیں اللہ تعالیٰ کے فضل سے کبھی دکھنے ہی نہیں آئیں۔
* آپؓ مزید فرماتے ہیں کہ ایک بار حضورؑسیر کرنے باغ کی طرف تشریف لے گئے تو مالی نے دو تین ٹوکریوں میں شہتوت ڈال کر ہمارے آگے رکھ دیئے۔ مَیں حضورؑ کے بالکل ساتھ بیٹھا تھا اور حجاب کی وجہ سے کھاتا نہ تھا۔ یہ دیکھ کر حضورؑ نے فرمایا: فضل محمد! تم کھاتے کیوں نہیں؟ اس وقت مجھے اور تو کوئی بات نہ سوجھی جھٹ منہ سے نکلا کہ حضور یہ گرم ہیں اس واسطے میری طبیعت کے موافق نہیں۔ جس پر حضورؑ نے فرمایا: نہیں میاں! یہ گرم نہیں ہیں یہ تو قبض کشا ہیں۔
جب مَیں نے دیکھا کہ حضورؑ میری طرف متوجہ ہیں تو مَیں نے عرض کی کہ حضور! میری بائیں ران پر ایک گلٹی ہے اور وہ بہت مدّت سے ہے مجھے ڈر ہے کہ یہ کسی وقت تکلیف نہ دے۔ اُس وقت حضورؑ کی زبان مبارک سے نکلا تکلیف نہیں دے گی آرام آجائے گا۔ اور ایک دوائی کا نام لیا جو مجھے یاد نہ رہا۔ کچھ دن بعد اس گلٹی میں درد ہونی شروع ہوئی۔ تب مجھے خیال آیا کہ حضورؑ نے جو دوائی بتلائی تھی اس کا نام میں بھول گیا ہوں۔ حیران تھا کہ کیا کروں۔ اتنے میں دو تین دن کے بعد وہ گلٹی اوپر سے کھل گئی اور پھٹ کر باہر نکل آئی اور دو تین دن کے بعد زخم صاف ہوگیا۔ اسی طرح ایک پھوڑا تھا جو مجھے سخت تکلیف دے رہا تھا۔ مَیں نے اس کی شکایت حضورؑ سے کی۔ حضورؑ نے فرمایا کہ اچھا ہو جائے گا۔ چنانچہ وہ خودبخود بغیر علاج کے اچھا ہوگیا۔
* آپؓ بیان فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ مَیں نے اور میاں خیرالدین صاحب سیکھوانی نے باہم مل کر ارادہ کیا کہ قادیان میں دکان کھولیں اور پہلے حضورؑ سے اجازت لی جائے۔ چنانچہ جب ہم نے حضورؑ کی خدمت میں یہ عرض کیا تو فرمایا کہ پہلے استخارہ کرلو۔ مَیں نے عرض کی کہ حضور استخارہ تو ایک ہفتہ تک کرنا پڑے گا۔ تب حضورؑ نے فرمایا کہ استخارہ دعا ہی ہوتی ہے۔ ہر نماز میں دعا کرو۔ ایک دن میں بھی استخارہ ہوسکتا ہے۔ … اس کے بعد ہمارا خیال دکان کرنے کا بالکل جاتا رہا۔
* ایک دفعہ حضورؑ نے فرمایا کہ مَیں نے دیکھا ہے کہ کچھ لوگ سیاہ رنگ کے پودے لگارہے ہیں۔ مَیں نے اُن سے پوچھا کہ یہ کیسے پودے ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ طاعون کے پودے ہیں۔ تو پھر مَیں نے پوچھا کہ کب؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ جاڑے کے موسم میں۔ تب حضورؑ نے جماعت کو فرمایا کہ مَیں نے رؤیا دیکھا ہے۔ اب دنیا میں طاعون کا عذاب آنے والا ہے۔ بہت بہت توبہ کرو صدقہ کرو اور اپنی اصلاح کرو۔
ہمارے گاؤں میں جب طاعون کے آغاز میں چوہے مرنے شروع ہوئے تو مَیں نے اس بارہ میں حضورؑ سے ذکر کیا۔ حضورؑ نے فرمایا کہ فوراً باہر کھلی ہوا میں چلے جاؤ۔ ایسے خطرہ کے وقت اس جگہ کو چھوڑنا ہی سنت ہے۔ چنانچہ مَیں حضورؑ کے حکم کے ماتحت باہر چلا گیا اور سب لوگ بھی میرے سبب باہر چلے گئے مگر ایک چچازاد بھائی نہ گیا اور چند دن بعد وہ طاعون سے مرگیا۔
* ایک دفعہ مولوی محمد حسین بٹالوی کے ساتھ ایک مقدمہ کی پیشی کے لئے حضورؑ کو موضع دھاریوال جانا پڑا۔ گرمی کا موسم اور رمضان کا مہینہ تھا۔ بہت سے دوست اردگرد سے وہاں گئے۔ بہتوں نے روزے رکھے ہوئے تھے۔ وہاں ایک سردارنی نے دعوت کا پیغام بھیجا۔ حضورؑ نے دعوت منظور فرمائی۔ سردارنی نے میٹھے چاول وغیرہ کی دعوت کی۔ بعض دوستوں نے حضورؑ سے روزہ کے متعلق عرض کی۔ حضورؑ نے فرمایا: سفر میں روزہ رکھنا جائز نہیں ہے۔ چنانچہ اُسی وقت دوستوں نے روزے توڑ دیئے۔
* ایک دفعہ دعا کے متعلق سوال ہوا۔ حضرت اقدسؑ نے فرمایا کہ دعا ہی مومن کا ہتھیار ہے۔ دعا کو چھوڑنا نہیں چاہئے۔ دعا سے تھکنا نہیں چاہئے۔ لوگوں کی یہ عادت ہے کہ کچھ دن دعا کرتے ہیں اور پھر چھوڑ دیتے ہیں۔ دعا کی مثال حضورؑ نے کنوئیں سے دی کہ انسان کنواں کھودتا ہے۔ جب پانی کے قریب پہنچتا ہے تو تھک کر چھوڑ دیتا ہے اور نااُمید ہوجاتا ہے۔ اگر ایک دو بالشت اَور کھودتا تو نیچے سے پانی نکل آتا اور کامیاب ہوجاتا۔ اسی طرح دعا کا کام ہے کہ انسان کچھ دن دعا کرتا ہے اور پھر چھوڑ دیتا ہے اور ناکام رہتا ہے۔
* ایک بار مَیں نے حضورؑ سے پوچھا کہ عشاء کی نماز کے بعد اگر وتر نہ پڑھے جائیں اور پچھلے پہر بھی کسی وجہ سے نہ پڑھ سکیں تو پھر ان کو کس وقت پڑھا جائے۔ حضورؑ نے فرمایا کہ بہتر یہ ہے کہ پہلے ہی پہر پڑھ لئے جائیں۔
* ایک دفعہ عید کی نماز ادا کرچکے تو مولوی عبدالکریم صاحبؓ نے حضرتؑ کے حضور عرض کی کہ حضورؑ نے فرمایا تھا کہ عید کے دن اللہ تعالیٰ کوئی نشان ظاہر کرے گا اور آج عید کا دن ہے۔ حضورؑ نے فرمایا: بیٹھ جاؤ۔ تب سب لوگ مسجد میں بیٹھ گئے اور حضورؑ نے کرسی پر بیٹھ کر عربی زبان میں خطبہ شروع کردیا۔ بہت سے دوستوں نے لکھنا شروع کیا اور جب کوئی لفظ کسی لکھنے والے کی سمجھ میں نہ آتا تو حضورؑ سے پوچھنے پر لفظ مع تلفظ بتلادیتے۔ اس وقت حضورؑ اس طرح زبان مبارک سے الفاظ نکالتے تھے کہ گویا کتاب آگے رکھی ہوئی ہے جس سے دیکھ دیکھ کر پڑھتے ہیں۔ حضورؑ کا رنگ اُس وقت سرسوں کے پھول کی مانند تھا۔ آنکھیں بند رکھے ہوئے تھے اور کبھی کبھی کھول بھی لیتے تھے۔
* حضورؑ کے اخلاق نہایت اعلیٰ اور پاکیزہ تھے۔ حضورؑ کا ہر ایک شخص سے ایسا طریق تھا کہ ہر شخص خیال کرنے لگتا تھا کہ مَیں ہی حضورؑ کا ایک خاص خادم ہوں اور جیسی محبت مجھ سے ہے اَور کسی سے نہیں ہے۔ حضورؑ کبھی کسی خادم سے گفتگو کرتے وقت اپنے چہرۂ مبارک پر کسی قسم کی کوئی ایسی علامت ظاہر ہونے نہیں دیتے تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہو کہ حضورؑ اس گفتگو یا اس بات کو سننا پسند نہیں کرتے یا حضورؑ کی توجہ کسی اَور کی طرف لگی ہوئی ہے۔ باوجود اس کے کہ حضورؑ کے اوقات بہت گرامی اور عزیز تھے مگر حضورؑ کے اخلاق کریمہ چھوٹے سے چھوٹے آدمی کو بھی اپنا یکساں ممنون بنائے رکھتے تھے۔ ایک دفعہ حضورؑ مسجد مبارک میں نماز پڑھ کر مکان کے اندر تشریف لے جانے لگے۔ جب حضورؑ کھڑکی سے گزر گئے تو مَیں نے بھی جرأت کی اور حضورؑ کے پیچھے اندر داخل ہوکر عرض کی کہ حضورؑ مَیں نے کچھ عرض کرنی ہے۔ حضورؑ وہاں ایک چارپائی پر بیٹھ گئے اور مَیں بھی حضورؑ کے پاس بیٹھ گیا۔ مَیں نے وہاں بیٹھ کر حضورؑ سے باتیں کرنی شروع کردیں۔ میری وہ گفتگو بعض دنیاوی امور کے متعلق تھی جن سے حضورؑ کو کوئی دلچسپی نہیں تھی مگر حضورؑ پوری توجہ سے سنتے رہے۔ مَیں نے کچھ خوابیں بھی سنائیں۔ اس گفتگو میں کافی عرصہ لگ گیا۔ میرا دل یہی چاہتا تھا کہ مَیں حضورؑ کے پاس بیٹھا رہوں۔ جب بہت دیر ہوگئی تو مجھے خود ہی خیال آیا کہ حضورؑ کا وقت بہت قیمتی ہے مَیں اسے کیوں ضائع کررہا ہوں۔ اس خیال کے آتے ہی مَیں نے حضورؑ سے اجازت لے لی۔ آج مجھے جب اس کا تصور آتا ہے تو گھبرا اٹھتا ہوں۔
* حضورؑ کا اپنے مہمانوں سے بالکل ایسا تعلق تھا جو ایک شفیق باپ کا اپنی اولاد سے ہوتا ہے۔ ایک دفعہ مسجد مبارک میں کچھ دوست کھانا کھانے بیٹھے۔ حضورؑ اندر سے تشریف لائے اور مہمانوں کے ساتھ بیٹھ گئے۔ حضورؑ چھوٹا سا ٹکڑا لیتے تھے اور اس سے ذرا سا سالن لگاکر اسے کھاتے تھے۔ اپنے سامنے سے بوٹیاں اٹھا اٹھاکر دوسروں کے برتنوں میں رکھتے جاتے تھے۔
* حضورؑ کبھی اور کسی مرحلہ پر مایوس نہیں ہوتے تھے۔ میاں محمد اکبر صاحب مرحوم ایک دفعہ سخت بیمار ہوگئے۔ حضرت خلیفہ اوّل علاج فرماتے تھے۔ بہت علاج کیا مگر کوئی کامیابی نہ ہوئی۔ آخر مولوی صاحب نے علاج بند کردیا۔ کسی نے حضرت اقدسؑ کو بھی اطلاع کردی۔ آپؑ حضرت مولوی صاحبؓ سے فرمانے لگے: ’’کیا آپ مایوس ہوگئے ہیں؟‘‘۔ انہوں نے فرمایا کہ حضورؑ! ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں اس لئے علاج بند کردیا ہے۔ حضورؑ یہ سن کر فرمانے لگے: ’’اچھا اب آپ علاج نہ کریں ہم علاج کریں گے‘‘۔ چنانچہ حضورؑ نے علاج شروع کردیا اور میاں محمد اکبر صاحب اس مرض سے اچھے ہوگئے۔
* حضور علیہ السلام کے کمالِ تقویٰ کا ذکر کرتے ہوئے حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ بیان فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ حضورؑ سیر کو جارہے تھے۔ راستہ میں ایک کیکر کا درخت گرا ہوا تھا۔ لوگ اس سے مسواکیں بنانے لگے۔ جب حضورؑ واپس تشریف لائے تو لوگوں کو مسواکیں بناتے دیکھا۔ حضورؑ نے فرمایا کہ آپ لوگ کس کی اجازت سے مسواکیں بنارہے ہیں؟ سب نے اُسی وقت مسواکیں پھینک دیں۔
* حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ کے بارہ میں مکرم نذر حسین صاحب بیان کرتے ہیں کہ آپؓ کی دودھ دہی، سوڈاواٹر اور رس و بسکٹ وغیرہ کی دکان تھی۔ ہاتھوں سے دودھ کو ہلانے کا کام لیتے اور ہونٹ تسبیح و تحمید میں ہلتے رہتے یوں آپؓ دست بکار اور دل بایار کا عملی نمونہ تھے۔ آپؓ خاموش طبع انسان تھے۔ چہرہ پر ہمیشہ طمانیت کے آثار موجود ہوتے۔ دکان کے طاقچہ پر ایک لوہے کی میخ کے ساتھ ایک کاپی اور ایک پنسل بندھی ہوتی تھی جس پر ادہار لینے والوں کا حساب درج ہوا کرتاتھا۔ لیکن آپؓ کا یہ حال تھا کہ کبھی حساب لکھنے والے کی جانچ پڑتال نہ کی۔ جو کچھ کوئی لکھ جاتا اُس کو ہی صحیح سمجھ لیا جاتا۔ کئی ناعاقبت اندیش طلباء آپؓ کی اس سادہ دلی سے ناجائز فائدہ اٹھاتے مگر آپؓ کے ماتھے پر شکن تک نہ پڑتی۔ ہاں آپؓ اصولوں پر قائم رہتے۔ یہی طلباء اگر کبھی سر سے ننگے آپؓ کی دکان سے سودا لینے جاتے تو آپؓ واپس لَوٹادیتے کہ سر پر ٹوپی رکھ کر آؤ۔
* آپؓ کے ایک نواسے مکرم چودھری فاروق احمد صاحب بیان کرتے ہیں کہ نانا جان کی دکان کے عقب میں ایک کمرہ تھا جس میں ہم رہتے تھے۔ روزانہ آپؓ ہمارے صحن سے گزر کر دکان پر جاتے اور شام کو دکان بند کرکے پھر صحن سے گزر کر اپنے گھر جاتے۔ ہم میں سے کوئی بیمار ہوتا تو آپؓ کو اطلاع دی جاتی تو آپؓ فرماتے کہ گُڑ لاؤ۔ پھر اس گُڑ کی گولی بناتے۔ اس پر کچھ پڑھتے اور وہ گولی بیمار کو کھلادیتے۔ یہ میرا حیران کُن تجربہ ہے کہ ہر قسم کی بیماری اُن کی اُس گولی سے ٹھیک ہوجاتی۔
* جب بھی کوئی جنازہ آپؓ کی دکان کے سامنے سے گزرتا تو آپؓ سب کام چھوڑ کر ساتھ ہوجاتے اور نماز جنازہ پڑھ کر تدفین کے بعد واپس آتے خواہ مرحوم کو جانتے ہوں یا نہ جانتے ہوں۔
* آپؓ کی دکان کے آگے سے سردار صاحبان اپنی بیل گاڑیوں پر بہت زیادہ سامان لاد کر گزرتے اور جانوروں کو بڑی بیدردی سے مارتے۔ آپؓ اُن کو روک کر اُن سے وعدہ لیتے کہ آئندہ وہ جانور پر ظلم نہیں کریں گے۔ اس بات کا اُن لوگوں میں اتنا چرچا ہوا کہ وہ آپؓ کی دکان سے کچھ فاصلہ پہلے ہی جانوروں کو مارنا بند کردیتے اور کافی آگے جاکر جانور کو کچھ کہتے۔
* حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ کی اہلیہ حضرت برکت بی بی صاحبہؓ کا تعلق دیالگڑھ کے ایک متعصب گھرانہ سے تھا لیکن اپنے خاوند کی بیعت کے فوراً بعد ہی قادیان آکر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ دراصل آپؓ کی رہنمائی خوابوں کے ذریعہ اللہ تعالیٰ پہلے ہی کرچکا تھا۔ چنانچہ پہلی دفعہ جب آپؓ قادیان پہنچیں تو میاں صاحب سے کہا کہ اب آپ مجھے راستہ نہ بتائیں بلکہ میرے ساتھ ساتھ آئیں، مَیں اُس راستے سے جاؤں گی جو خوابوں میں دیکھا کرتی ہوں۔ چنانچہ آپؓ خود چلتی ہوئی دارالمسیح تک پہنچ گئیں۔ اور پہلی مرتبہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے رُخ انور پر نظر پڑی تو پہچان گئیں کہ یہ وہی بزرگ ہیں جن کو خواب میں دیکھا تھا اور فوراً بیعت کرلی۔ پھر اپنے شوہر سے فرمائش کی کہ مَیں آپ سے کچھ نہیں مانگتی، صرف یہ وعدہ کریں کہ مجھے قادیان جانے سے نہیں روکیں گے۔
* حضرت برکت بی بی صاحبہؓ قادیان آتیں تو حضرت اماں جانؓ کے پاس ہی قیام ہوتا۔ آپؓ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹاتیں۔ کھانے پکانے میں کافی مہارت تھی۔ پہلی بار کھانا پکایا تو حضورؑ نے پسند فرمایا اور پوچھا کہ کس نے کھانا پکایا ہے؟ حضرت امّ المومنینؓ نے ان کے بارہ میں بتایا تو حضورؑ نے ازراہ شفقت ارشاد فرمایا کہ اب یہ جب بھی آئیں کھانا یہی پکایا کریں۔ اس طرح آپؓ کو ایک بابرکت خدمت کی توفیق ملنے لگی۔ آپؓ قادیان آتیں تو کئی کئی دن ٹھہر جاتیں۔
* آپؓ اکثر اپنی بڑی بچی رحیم بی بی کو بھی ہمراہ لے آتیں۔ اس بچی کی ایک بھولپن کی فرمائش کا دلچسپ واقعہ یوں ہے کہ حضورؑ کسی تصنیف میں مصروف تھے۔ بچی حضرت صاحب کو پنکھا کررہی تھی۔ خدا جانے اس بچی کے دل میں کیا آیا کہ وہ ایک کھڑکی پر چڑھ کر بیٹھ گئی اور کہنے لگی: ’حضرت جی! آپ یہاں آجائیں تو مَیں آپ کو پنکھا کروں‘۔ اور حضورؑ بچی کی دلجوئی کی خاطر کام چھوڑ کر کھڑکی کے پاس تشریف لے آئے۔