عربی ماہنامہ ’’التقویٰ‘‘
مجلہ ’’التقویٰ‘‘ ہماری جماعت کا عربی زبان میں شائع ہونے والا مرکزی ماہنامہ ہے۔ مئی 1988ء میں جاری ہوا اور اسلام آباد میں رقیم پریس میں طبع ہوتا ہے۔ موجودہ مدیر مصری دوست محترم الحاج محمد حلمی الشافعی ہیں۔ اس رسالہ میں بعض مستقل کالم اور چند مضامین شامل ہوتے ہیں۔ جن میں رسول اللہﷺ کی بعض احادیث، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب سے اقتباسات اور حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ کے خطبات شامل ہیں۔ ایک بدزبان معاند احمدیت مولوی احسان الٰہی ظہیر نے کتاب ’’قادیانیت‘‘ لکھی تھی جسے سعودی عرب اور پاکستان نے عربی میں شائع کرکے عرب ممالک میں پھیلایا تھا۔ حضور انور کی زیر نگرانی اور راہنمائی میں مکرم نعیم عثمان میمن مرحوم نے اس کتاب کا جواب انگریزی میں تیار کیا تھا جس کا عربی ترجمہ بالاقساط رسالہ میں شائع ہو رہا ہے۔
کچھ عرصہ قبل فرانسیسی زبان میں عیسائیوں نے ایک پمفلٹ تقسیم کیاتھا جس میں حضرت مسیح ؑ کو نعوذ باللہ رسول اکرمﷺ سے افضل ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس کے جواب میں ایک پمفلٹ جماعت احمدیہ نے تیار کیا ہے جو اپریل 1995ء کے شمارہ کی زینت ہے۔
اسی شمارہ میں سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کی تفسیر کبیر سے چند صفحات کا ترجمہ بھی شامل اشاعت ہے جس میں یہود کی خفیہ سازشوں کے بارے میں مضمون بیان ہوا ہے یہ یہود کی سازشیں تین زمانوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ حضرت سلیمان ؑ کے خلاف۔ بابل کے بادشاہ کے خلاف جو یروشلم کو تباہ کرکے یہود کو قیدی بنا کر بابل لے گیا تھا اور تیسرے حضرت محمد رسول اللہﷺ کے خلاف۔ پہلی دونوں بار یہود اپنی سازشوں میں کامیاب ہوئے لیکن خدا فرماتا ہے کہ محمدرسول اللہﷺ کے خلاف وہ یہ بھول نہ کریں ورنہ دونوں جہان میں سخت سزا پائیں گے۔ مگر یہود نے اس تنبیہ کے باوجود کسریٰ شاہ ایران کو آپؐ کی گرفتاری کے خلاف اکسایا جس پر اس نے آنحضورﷺ کی گرفتاری کا حکم جاری کیا۔ جب یمن کے ایرانی ایلچی یہ حکم لے کر مدینہ پہنچے تو آپؐ نے فرمایا صبح جواب دوں گا۔ رات خدا تعالیٰ سے خبر پاکر آنحضورﷺ نے ایلچیوں کو کسریٰ کی موت کی خبر دیتے ہوئے فرمایا ’’اپنے گورنر سے جاکر کہہ دو کہ میرے خدانے تمہارے خدا کو آج رات مار ڈالا ہے‘‘۔ چنانچہ یہ لوگ واپس ہوگئے اور بعد میں رسول اکرمﷺ کے ارشاد کو درست پایا۔ بعد میں بھی یہود کی ریشہ دوانیاں جاری رہیں اور آخر کار وہ قرآنی پیشگوئیوں کے مطابق کیفر کردار کو پہنچے۔
یہ رسالہ کیا ابھی چل رہا ہے؟ اسے کیسے منگوا سکتے ہیں؟
جواب: جی. التقویٰ کی ویب سائٹ یہ ہے:
https://www.islamahmadiyya.net/catBooks.asp?id=120