عورتوں کو نیند کی زیادہ ضرورت – جدید تحقیق کی روشنی میں

عورتوں کو نیند کی زیادہ ضرورت – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)

برطانوی ماہرین طب کا کہنا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں عورتوں کو نیند کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔ جس کی وجہ عورتوں میں مردوں کی نسبت دماغ کے اُس حصے کا زیادہ حساس ہونا ہے جو نیند کے دوران جسم اور دماغی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔ بلکہ جن مردوں کو مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، اُنہیں بھی زیادہ نیند لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح جسمانی سطح پر تیز زندگی بسر کرنے والوں کو بھی زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈیوک یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کی طرف سے کی جانے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں عورتوں کی صحت نیند نہ پوری ہونے سے زیادہ متأثر ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کم خوابی کا اثر مردوں کے مقابلے میں عورتوں کی مجموعی صحت پر زیادہ بُرا پڑتا ہے اور اس کے اثرات بعض اوقات اس قدر بڑھ جاتے ہیں کہ کم خوابی کے نتیجے میں عورتیں ذیابیطس، دل کے دورے اور فالج کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس تحقیقی مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے خواتین پر مردوں سے زیادہ جو بداثرات مرتب ہوتے ہیں اُن میں چڑچڑاپن اور طبیعت کی جھنجھلاہٹ شامل ہے جس کے نتیجے میں غصے اور ڈپریشن میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق عورتوں میں پیدا ہونے والے بعض نفسیاتی عوارض کا براہ راست تعلق نیند کی کمی سے ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں