محترم قلندر مومند صاحب کی وفات
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 21؍فروری 2003ء میں پشتو زبان کے نامور ادیب، شاعر، صحافی، محقق اور تنقید نگار محترم صاحبزادہ حبیب الرحمن صاحب المعروف قلندر مومند صاحب کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے۔ آپ 4؍فروری 2003ء کو 74 سال کی عمر میں پشاور میں انتقال کرگئے۔ یکم ستمبر 1930ء کو بازیدخیل میں پیدا ہوئے۔ فارسی اور پشتو کے فاضل ہونے کے ساتھ انگریزی میںM.A. اور L.L.B بھی کیا ۔ مختلف اخبارات میں بطور صحافی اور ایڈیٹر کام کیا۔ شعبہ درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ گومل یونیورسٹی کے لیکچرار اور انگریزی و قانون کے شعبہ جات کے چیئرمین رہے۔ 1982ء میں پشتو ڈکشنری پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔ یہ ڈکشنری 1991ء میں شائع ہوئی۔ 1979ء میں تمغۂ حسن کارکردگی، 1989ء میں نیشنل ایوارڈ اور 1996ء میں ستارۂ امتیاز کے اعزازات سے نوازے گئے۔ کئی کتب کے مصنف تھے جو تدریسی نصاب میں بھی شامل ہیں۔ شیکسپئر کے ڈراموں کا پشتو ترجمہ بھی کیا۔ 2002ء میں انٹرنیشنل پشتو کانفرنس کا افتتاح اور اختتام آپ نے کیا۔