ماہنامہ ’’المنار‘‘ انٹرنیٹ گزٹ

(تعارف و انتخاب: فرخ سلطان محمود)

(مطبوعہ رسالہ انصارالدین ستمبر و اکتوبر2015ء)

تعلیم الاسلام کالج ربوہ کی خوبصورت روایات اور نصابی و غیرنصابی سرگرمیوں کی مسحورکُن یادیں اس زمانہ کے طلبا کے ذہنوں سے کبھی محو نہیں ہوسکتیں جنہوں نے اس کالج کے قومیائے جانے سے قبل وہاں کے شفیق اساتذہ سے کسب فیض کیا تھا۔ سرکاری ملکیت قرار دیئے جانے کے بعد اس شاندار علمی درسگاہ کا جو حشر کیا گیا اُس کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس تعلیمی ادارے کے سابق طلبا (Old Students) نے اپنی مادرعلمی سے وفا اور محبت کا اظہار کرنے کے لئے مختلف ممالک میں اپنی ایسوسی ایشنیں قائم کیں جو چیریٹی کے لئے بھی کثیر رقوم پاکستان بھجوارہی ہیں تاکہ غریب طلبا کی تعلیمی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ نظام جماعت کے تحت قائم کی جانے والی ان ایسوسی ایشنوں کی کئی اہم خدمات اَور بھی ہیں جو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی اور صدقہ جاریہ کے طور پر سابق طلبا کی روحانی ترقیات کا باعث بنتی رہیں گی۔
قریباً 2007ء میں برطانیہ میں بھی تعلیم الاسلام کالج اولڈسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس ایسوسی ایشن کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ حضورانور نے اس کا ممبر بن کر اسے برکت بخشی ہے۔ ایسوسی ایشن کے پہلے صدر محترم عطاء المجیب راشد صاحب مقرر ہوئے۔

جنوری 2011ء میں اس ایسوسی ایشن نے ایک آن لائن رسالہ ’’المنار‘‘ جاری کیا جو باقاعدگی سے ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ نیز alislam.org پر بھی upload کیا جاتا ہے۔ دراصل یہ اُسی رسالہ ’’المنار‘‘ کا احیاء ہے جو کسی زمانہ میں تعلیم الاسلام کالج ربوہ کے طلباء کا ترجمان ہوا کرتا تھا۔ اس کی اہمیت و افادیت اُس دَور میں بھی مسلّم تھی اور آج بھی اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس رسالہ کا اجراء یقینا ایسوسی ایشن کی قابلِ قدر مساعی کا آئینہ دار ہے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے اس رسالہ کے اجراء پر اپنے پیغام میں فرمایا تھا:
’’تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برطانیہ کی طرف سے تعلیم الاسلام کالج ربوہ کے رسالہ ’المنار‘ کے نام پر انٹرنیٹ گزٹ جاری کرنے کی خبر میرے لئے بڑی خوشی کا موجب بنی ہے۔ اللہ تعالیٰ المنار کا ازسرنو اجراء ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے نیک نتائج ظاہر فرمائے‘‘۔
المنار کے انٹرنیٹ گزٹ میں مستقل طور پر ایسے دلچسپ علمی اور تاریخی مضامین شائع کئے جاتے ہیں جن کا مطالعہ نہ صرف سابق طلباء بلکہ دیگر باذوق احباب بھی شوق سے کرتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے ہیں۔ رسالہ کے مدیر مکرم مقصودالحق صاحب ہیں۔
تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برطانیہ کے رسالہ ’’المنار‘‘ کے اوّلین شمارہ (جنوری 2011ء) میں مکرم عطاء المجیب راشد صاحب کا یہ قطعہ بھی شامل اشاعت ہے:

دوستو! تم کو مبارک ہو کہ نکلا ’المنارؔ‘
اِک مقدّس درسگاہ کی خوبصورت یادگار
غرب سے اُبھرا ہے لے کر دعوتِ علم و عمل
پھولتا پھلتا رہے دائم بفضلِ کردگار

…………………
رسالہ ’’المنار‘‘ تعلیم الاسلام کالج ربوہ کے تمام سابق طلباء کو بذریعہ ای میل بھجوایا جاتا ہے۔ نیز یہ جماعت احمدیہ کی ویب سائٹ alislam.org کے Periodicalsکے سیکشن میں بھی دستیاب ہے۔
ہر شمارہ بہت سی ایسی دلچسپ علمی تحریروں اور تربیتی روایات کا خوبصورت گلدستہ ہوتا ہے جس کا مطالعہ کرنے سے علم و عرفان اور ایمان میں ترقی کے دروازے کھلتے ہیں۔ نیز ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس ایسوسی ایشن کی رکنیت کے فارم میں مذہب کا کوئی خانہ نہیں ہے۔ تعلیم الاسلام کالج ربوہ کا ہر سابق طالبعلم جو کسی بھی فرقے یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، وہ قواعدوضوابط کے مطابق ایسوسی ایشن کی رکنیت کا اہل ہوگا۔ اسی طرح اراکین کے بچے بھی ایسوسی ایٹ رُکن کی حیثیت حاصل کرسکتے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر، معروف شاعر جناب مبارک احمد صدیقی صاحب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں