ماہنامہ ’’مصباح‘‘ ربوہ کا چھوٹی آپا نمبر- حضرت سیدہ (ام متین) مریم صدیقہ رحمہا اللہ
حضرت سیدہ مریم صدیقہ صاحبہ رحمھا اللہ
حرم حضرت مصلح موعودؓ
(آپ جماعت میں چھوٹی آپا کے نام سے بھی معروف ہیں)
حضرت سیدہ مریم صدیقہ 7؍اکتوبر 1918ء کو حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کی دوسری بیوی سے پیدا ہوئیں۔ اُن کی پہلی بیوی کے ہاں کوئی اولاد نہ تھی۔ حضرت سیدہ توام پیدا ہوئی تھیں۔ آپ کا نام مریم رکھا گیا اور دوسری لڑکی کا صدیقہ۔ لیکن جب دوسری لڑکی کی جلد ہی وفات ہوگئی تو آپؒ کا نام ہی مریم صدیقہ رکھ دیا گیا۔ چونکہ آپ کو حضرت ڈاکٹر صاحبؓ نے وقف کردیا ہوا تھا اس لئے انہوں نے آپ کا دوسرا نام ’’نذرالٰہی‘‘ بھی رکھا۔
1935ء میں آپؒ حضرت مصلح موعودؓ کے عقد میں آگئیں۔ حضورؓ نے شادی کی پہلی رات آپ سے یہ عہد لیا کہ آپ دعاؤں اور ذکرالٰہی کی عادت ڈالیں گی، دین کی خدمت کریں گی اور حضرت خلیفۃالمسیح کی عظیم ذمہ داریوں میں اُن کا ہاتھ بٹائیں گی۔ درحقیقت یہی جذبہ لے کر آپ اپنے گھر سے آئی تھیں۔ چنانچہ حضورؓ کی زیرتربیت آپ نے ترقی کے مراحل جلد جلد طے کئے۔
حضرت سیدہ مریم صدیقہ نے لجنہ اماء اللہ مرکزیہ میں جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمات شرع کی تھیں۔ 1958ء میں آپؒ صدر لجنہ منتخب ہوئیں اور یہ شاندار دَور 1997ء تک جاری رہا۔ مستورات کی بہبود کے لئے انڈسٹریل ہوم، فضل عمر جونیئر ماڈل سکول، جامعہ نصرت گرلز کالج میں سائنس بلاک کا اجراء اور ڈنمارک و ہالینڈ میں احمدی لجنات کی قربانیوں سے مساجد کی تعمیر آپ کے دَور کی یادگار باتیں ہیں۔ لجنہ کی تاریخ کی تدوین اور اشاعت بھی آپ کا ہی کارنامہ ہے۔
ماہنامہ ’’مصباح‘‘ نے ستمبر 2000ء کا شمارہ حضرت سیدہ چھوٹی آپا کے حوالہ سے خصوصی نمبر کے طور پر شائع کیا ہے۔ یہ رسالہ پونے دو سو صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں حضرت سیدہ کی سیرت و سوانح پر متعدد مضامین، آپ کے دَورِ صدارت کے شاندار کارنامے اور متعدد تاریخی واقعات شامل ہیں۔