مجلس انصاراللہ برطانیہ کی سالانہ چیریٹی واک 2014ء
مجلس انصاراللہ برطانیہ کی سالانہ چیریٹی واک کا کامیاب انعقاد
1985ء سے اب تک28 سالانہ چیریٹی واکس کے ذریعہ لاکھوں پاؤنڈ کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے
(رپورٹ : ناصر پاشا)
(مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل یکم اگست 2014ء)
اسلام کی تعلیمات میں بنی نوع انسان کی خدمت کو بہت بلند مقام دیا گیا ہے اور قرآن کریم میں بارہا اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو نصیحت کی ہے کہ وہ دوسرے انسانوں کی تکالیف کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ بلکہ خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی خدمت خلق کو قرار دیا گیا ہے۔ چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی شرائط بیعت میں بیان فرمودہ نویں شرط میں ضرورتمندوں کی مدد کرنے کے متعلق خصوصی تاکید فرمائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جماعت احمدیہ بحیثیت مجموعی اور اس کی ذیلی تنظمیں اور دیگر ادارے بھی اپنے اپنے دائرہ میں رفاہی امور کی سرانجام دہی میں سرگرم رہتے ہیں اور بنی نوع انسان کی خدمت کی سعادت کے عطا ہونے کو محض اللہ تعالیٰ کا احسان سمجھتے ہیں۔
خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ یوکے کو سالہاسال سے یہ سعادت مل رہی ہے کہ ہر سال چیریٹی واک کے ذریعہ ہزاروں پاؤنڈ کی خطیر رقم اکٹھی کرکے دنیا میں مختلف خطّوں میں کام کرنے والی ایسی چیریٹیز کے ذریعہ تقسیم کی جاتی ہے جو بنی نوع انسان کی خدمت کے لئے تعلیم و صحت کے میدانوں میں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔
امسال سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مجلس انصاراللہ یوکے نے 8جون 2014ء بروز اتوار اپنی سالانہ چیریٹی واک مسجد بیت الفتوح مورڈن میں منعقد کی۔ اس واک کے ناظم اعلیٰ مکرم منصور احمد کاہلوں صاحب (نائب صدر اوّل) تھے۔ مکرم وسیم احمد چودھری صاحب صدر مجلس نے ریجنل انتظامی کمیٹیاں بھی مقرر کیں تاکہ بہتر طریقے سے انتظامات طے پاسکیں اور مسلسل ان کمیٹیوں کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کے حوالہ سے راہنمائی بھی کی۔
جماعت احمدیہ کے زیرانتظام ایسی چیریٹی واکس کا آغاز 28 سال قبل 1985ء میں کیا گیا تھا اور تب سے یہ باقاعدگی سے ہر سال منعقد کی جارہی ہیں۔ اب تک جمع کی جانے والی رقم کے نتیجے میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 90 خیراتی اداروں کو رقوم فراہم کی جاچکی ہیں تاکہ اُن کے خدمت خلق کے کاموں میں مدد کی جاسکے۔ نیز ان چیریٹی واکس کے نتیجہ میں گزشتہ تین سالوں میں ساڑھے سات لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم اکٹھی کرکے مختلف اداروں میں تقسیم کی گئی۔ نیز افریقہ میں آنکھوں کے تین ہزارسے زیادہ آپریشنز اور پانی کے بیس کنوئوں کے منصوبوں کے لئے اڑہائی لاکھ پاؤنڈ سے زائد پیش کئے گئے۔ گزشتہ سال مانچسٹر میں منعقد ہونے والی سالانہ چیریٹی واک کے ذریعہ اڑہائی لاکھ پاؤنڈ (£250000) کی خطیر رقم اکٹھی کرکے تقسیم کی گئی تھی۔
امسال منعقد ہونے والی مجلس انصاراللہ کی چیریٹی واک میں 1600 سے زائد افراد شریک ہوئے۔ پانچ میل کی چیریٹی واک کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی رقم دو لاکھ اکیس ہزار پاؤنڈ (£221000) تھی۔ اُسی روز منعقد ہونے والی تقریب میں ایک لاکھ چھیالیس ہزار پاؤنڈ (£146000) کی خطیر رقم کے چیک 27 چیریٹیز کے نمائندگان کو پیش کردیئے گئے۔ توقع ہے کہ مجموعی طور پر اکٹھی کی جانے والی رقم تین لاکھ پاؤنڈ کے قریب ہوگی جس سے مزید 13 چیریٹی ادارے استفادہ کرسکیں گے۔ امسال جن نئی چیریٹیز میں رقم تقسیم کی گئی ان میں White Lodge Centre, Respite Nursing for Oxfordshire’s Sick Youngsters اور Senior Citizer Liaison Team شامل ہیں۔
امسال چیریٹی واک کے پروگرام میں کئی اہم شخصیات شامل ہوئیں جن میں لارڈمیئر آف سٹن، لارڈ میئر آف مرٹن اور لارڈ احمد آف ومبلڈن شامل ہیں۔ بعض اہم شخصیات نے خیرسگالی کے اپنے پیغامات ارسال کئے جن میں رکن پارلیمنٹ عزت مآب ایرک پکلز (Rt. Hon. Eric Pickles MP) اور سیکرٹری آف سٹیٹ برائے کمیونیٹیز و لوکل گورنمنٹ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بھی جن چند چیریٹیز کے لئے کام کیا گیا ان میں Action for Children, Boaz Trust, British Heart Foundation, Kids Can, Manchester Woman’s Aid, Macmillan Cancer Support, Royal Manchester Children’s Hospital Charity اور We Love Manchester شامل ہیں۔
دوپہر ڈیڑھ بجے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں واک کا اختتام ہوا۔
سہ پہر 3بجے چیک دیئے جانے کی تقریب مکرم رفیق احمد حیات صاحب نیشنل امیر کی زیرصدارت شروع ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا ۔ صدر مجلس انصار اللہ یوکے مکرم چوہدری وسیم احمد صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت سے یہ چیریٹی واک کامیاب رہی۔ تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ انصاراللہ یوکے کی خدمت خلق کے لئے کی جانے والی مساعی کو قبول فرمائے اور ہمیں اپنی ذمہ داریاں کماحقہٗ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔