مجلس انصاراللہ برطانیہ کی شجرکاری مہم
مجلس انصاراللہ برطانیہ کی شجرکاری مہم
(رپورٹ: ناصر پاشا)
(مطبوعہ انصارالدین نومبر و دسمبر 2013ء)
درختوں اور پودوں کی اہمیت مسلّم ہے۔ جہاں یہ انسانی بہبود کے لئے نہایت ضروری ہیں وہاں ماحولیات کی بہتری کے لئے بھی ان کا وجود ناگزیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تعلیمات میں بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی حفاظت کرنے کی تلقین کی گئی ہے جبکہ جنگ کی حالت میں بھی درختوں کے کاٹنے اور ان کے ضیاع سے منع کیا گیا ہے۔
مجلس انصاراللہ برطانیہ نے Sandridge کے علاقہ میں شجرکاری کے ایک منفرد پروگرام کا انعقاد 16 مارچ 2013ء کو کیا تھا کیا جس کو ہر طبقۂ فکر کی طرف سے بیحد سراہا گیا تھا۔ اس پروگرام میں دو صد افراد نے 345ہیکٹرز زمین پر دس ہزار پودے لگائے تھے۔ ایسا ہی ایک اور پروگرام 30 نومبر 2013 ء کو منعقد کیا گیا جب Heartwood Forest (St. Albans) کے جنگل میں Woodland Trust کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مجلس انصاراللہ کے 221 رضاکاروں نے قریباً 700 ہیکٹرز کے علاقہ میں پودے لگائے اور اس طرح انگلینڈ میں سب سے بڑے قدرتی جنگل کی تیاری میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ برطانیہ یورپ کا سب سے کم قدرتی جنگلات کا حامل ملک ہے جس کا صرف چالیس فیصد رقبہ قدرتی جنگلات کا حامل ہے۔ چنانچہ انگلینڈ کے سب سے بڑے قدرتی جنگل کی تخلیق کوئی آسان مرحلہ نہیں ہے کیونکہ اس میں کُل چھ لاکھ درخت لگائے جانے کا پروگرام ہے۔
مکرم چودھری وسیم احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ اور نیشنل مجلس عاملہ کے قریباً تمام ممبران اس وقارعمل میں حصہ لینے کے لئے وہاں موجود تھے۔ وقارعمل میں حصہ لینے والے رضاکاروں کا تعلق برطانیہ کے سات ریجنز کی 55 مجالس سے تھا۔
Heartwood Forest کے 17 کارکنان نے سب سے پہلے چالیس انصار کو پودے لگانے کی تربیت دی جس کے بعد تربیت یافتہ انصار نے دیگر انصار کی راہنمائی کی۔ اس موقعہ پر شعبہ ایثار کی طرف سے ضیافت کا خاص اہتمام کیا گیا تھا اور چائے کا سٹال ہمہ وقت جاری رہا۔ ضیافت ٹیم کی کارکردگی کو مہمانوں نے بھی خاص طور پر سراہا۔
اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر مکرم منصور کاہلوں صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ یوکے تھے۔ انہوں نے Woodland Trust کے افسران کے تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجلس انصاراللہ کے تحت کئی دیگر منصوبے بھی جاری ہیں جن میں بے گھر افراد میں خوراک کی تقسیم اور چیریٹی واکس کے ذریعہ مختلف ضرورتمند اداروں کی مدد کرنا شامل ہیں۔ اِن واکس کے ذریعہ گزشتہ صرف پانچ سال میں ایک ملین پاؤنڈ سے زیادہ رقم اکٹھی کرکے پیش کی جاچکی ہے۔
قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کارگزاری کے عمدہ نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین