مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ

جماعت احمدیہ امریکہ کے صد سالہ جوبلی خلافت سووینئر میں مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے حوالہ سے مکرم نعیم ۔آر۔ محمد صاحب اور مکرم ریحان محمود چوہدری صاحب کا ایک مضمون شائع ہوا ہے۔
1969ء میں مکرم امام اے۔ آر۔ خانصاحب بنگالی نے مکرم منیر حامد صاحب کو نیشنل قائد خدام الاحمدیہ امریکہ مقرر کیا۔ مکرم حسین عبد العزیز صاحب نے “The Khadim” کے نام سے نیوز لیٹر کا اجراء کیا۔ 1976ء میں رسالہ ’’الطارق‘‘ کا اجراء ہوا اور 1978ء میں پہلا اجتماع نیوجرسی میں ہوا۔ 8؍اگست 1983ء کو مکرم ڈاکٹر مظفر احمد صاحب کو شہید کیا گیا۔ وہ مجلس کے نیشنل معتمد اور قائد علاقہ بھی تھے۔
3نومبر 1989ء کو جب حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ نے ذیلی تنظیموں کا نیا نظام قائم فرمایا تو مکرم قمر احمد شمس صاحب مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔ پھر مکرم منعم نعیم صاحب 1994-1999ء تک صدر مجلس رہے۔ اس دوران حضورؒ کی منظوری سے مجلس کا شعبہ سمعی و بصری بھی 1995ء میں قائم کیا گیا۔ مکرم عبد الشکور احمد صاحب 1999-2002ء کے دوران صدر رہے۔ آپ کی کوششوں سے 2003ء میں ہیومینیٹی فرسٹ بھی امریکہ میں رجسٹرڈ ہوگئی۔
اس وقت خدام نہ صرف جماعتی ویب سائٹ الاسلام کے لئے متفرق کام بھرپور انداز میں بجالا رہے ہیں بلکہ مجلس نے اپنی ویب سائٹ بھی جاری کی ہے جو کسی بھی ملک کے خدام کی پہلی ویب سائٹ ہے۔
خدام الاحمدیہ کا گزشتہ سال کا چندہ ایک لاکھ 98ہزار ڈالر تھا۔ حضور انور کی وصیت کی سکیم کے اجراء کے بعد 264 خدام نے اس تحریک پر لبیک کہا جن میں سے اکثر کی وصیت کی منظوری ہوچکی ہے۔
مجلس سلطان القلم امریکہ کے تحت 50خدام باقاعدگی سے اسلام پر اور حضرت محمد مصطفی ﷺ پر ہونے والے حملوں کا امریکہ کے مشہور اخبارات اور نیوز میگزین میں جواب دیتے ہیں۔ مجلس کے تحت ایک سہ ماہی رسالہ بھی شائع ہوتا ہے جو ہر خادم کو بھیجا جاتا ہے۔ گزشتہ سال کے نیشنل اجتماع میں ایک ہزار سے زیادہ خدام شامل ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں