محترمہ رحیم بی بی صاحبہ
مکرم میاں محمد ابراہیم صاحب روزنامہ ’’الفضل‘‘ 25؍اکتوبر 1997ء میں اپنی والدہ محترمہ رحیم بی بی صاحبہ کا ذکر خیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ میرے بچپن کا ایک واقعہ ہے جب مسجد لندن کی تحریک کے سلسلے میں حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحبؓ سیالکوٹ تشریف لے گئے۔ مردوں اور عورتوں کے الگ الگ اجتماعات منعقد ہوئے۔ حضرت حافظ غلام رسول صاحبؓ وزیرآبادی نے بہت مؤثر وعظ کیا تو سامعات اپنی نقدی اور زیورات پیش کرنے کے لئے بیتاب ہوگئیں۔ میری والدہ نے بھی اپنے ہاتھوں میں پہنے ہوئے چاندی کے بند اتار کر پیش کئے اور خالی ہاتھ واپس گھر لوٹیں۔… …
مضمون نگار مزید لکھتے ہیں کہ میری والدہ حروفِ ابجد تک سے بھی ناواقف تھیں لیکن حضرت مصلح موعودؓ کے ارشادپر 1947ء میں انہوں نے بڑی محنت سے اپنا نام لکھنا سیکھا تاکہ وہ بھی ووٹر بن کر پاکستان بنانے کے حق میں ووٹ دے سکیں۔