محترم ذوالفقار منصور صاحب کی شہادت
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 20؍اکتوبر 2009ء میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق محترم ذوالفقار منصور صاحب آف کوئٹہ کو 37 سال کی عمر میں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔ آپ کو شرپسند مسلح افراد نے ایک ماہ قبل اغوا کرلیا تھا اور مطالبہ کے مطابق رقم کی ادائیگی کرنے کے باوجود بھی آپ کو شہید کردیا گیا۔ وفات سے پہلے آپ کو تشدّد کا نشانہ بھی بنایا گیا اور چہرہ مسخ کرکے لاش ویرانے میں پھینک دی۔
محترم ذوالفقار منصور صاحب 1971ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ آپ 1988ء میں میٹرک پاس کرکے کوئلہ کی کانوں کے کاروبار سے منسلک ہوگئے۔ کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہ تھی۔ جماعتی خدمات میں صف اوّل میں کھڑے ہوتے۔ خلافت کے ساتھ عشق کا تعلق تھا۔ دیانتدار کاروباری شخصیت تھے۔ آپ نے پسماندگان میں عمررسیدہ والدہ کے علاوہ اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا بھی چھوڑے ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔ جنازہ ربوہ لایا گیا اور قبرستان نمبر ۱ میں امانتاً تدفین ہوئی۔