محترم رانا فیض بخش نون صاحب
محترم رانا فیض بخش نون صاحب 12 ؍دسمبر 1995ء کو نوے سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ آپ کہا کرتے تھے کہ انہیں اشارہ ہوا ہے کہ ان کی وفات میں 12 کا عدد شامل ہے۔ چنانچہ بارھویں مہینے کی بارہ تاریخ کو آپ کی وفات ہوئی۔
آپ 5؍نومبر 1906ء کو ضلع مظفر گڑھ میں پیدا ہوئے۔ 5؍ ستمبر 1931ء کو آپ نے حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت میں خط لکھ کر بیعت کی توفیق پائی۔ تحصیل شجاع آباد میں احمدیت قبول کرنے والے آپ پہلے فرد تھے۔
آپ کے نواسے محترم محمد اکرم عمر صاحب مبلغ سلسلہ آپ کا ذکر خیر کرتے ہوئے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍ مئی 1996ء میں لکھتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے 1993ء میں اپنے دو خطبات میں آپ کے دو خطوط پڑھ کر سنائے تھے جن میں آپ نے اپنے چندہ کی ادئیگی کے بعد خدا کے نازل ہونے والے غیر معمولی فضلوں کا اظہار کیا تھا۔
ایک موقع پر محترم رانا صاحب مرحوم نے مضمون نگار کو لکھا: ’’اللہ تعالیٰ کے فرشتے تیزی کے ساتھ غلبۂ اسلام کی مہم کو منزل مقصود تک پہنچانے میں مصروف عمل ہیں۔ موت کے باعث شاید میں یہ غلبہ نہ دیکھ سکوں مگر میرے پیارے خدا نے بذریعہ کشف اور الہام یہ غلبہ مجھے دکھا دیا ہے… یہ غلبہ یورپ سے شروع ہو گا اور پھر یورپین قوموں کی ہمت اور کوشش سے ساری دنیا پر محیط ہو جائے گا‘‘۔
وفات کے بعد بہشتی مقبرہ ربوہ میں آپ کی تدفین عمل میں آئی اور حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ نے لندن میں بھی نماز جنازہ غائب ادا فرمائی۔