محترم رانا محمد یوسف صاحب
ماہنامہ احمدیہ گزٹ کینیڈا ستمبرواکتوبر 2011ء میں مکرم رانا محمد زکریا صاحب نے اپنے والد محترم رانا محمد یوسف صاحب کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم رانا محمد یوسف صاحب 16مارچ 1923ء کو قادیان میں محترم میاں محمد یامین صاحب (تاجر کتب) کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم قادیان سے ہی حاصل کی اور 19 سال کی عمر میں فوج میں بھری ہوگئے۔ چھ سال بعد جنگ عظیم کے خاتمہ پر واپس قادیان آگئے اور بعدازاں فرقان فورس میں شامل ہوکر خدمات سرانجام دیں۔ 1952ء میں محکمہ شہری دفاع پنجاب میں ملازم ہوئے اور 1982ء تک اسی محکمہ سے وابستہ رہے۔
آپ کے والد محترم قادیان کے زمانہ سے جماعتی کتب اور احمدیہ جنتری شائع کیا کرتے تھے۔ اُن کی وفات کے بعد مکرم رانا محمد یوسف صاحب نو سال تک یہ خدمت بجالاتے رہے۔ 1989ء میں کینیڈا آگئے اور مقامی جماعتوں میں مختلف ذمہ داریاں نہایت خلوص سے نبھاتے رہے۔ آپ صوم و صلوٰۃکے علاوہ نماز تہجد میں بھی باقاعدہ تھے۔ موصی تھے۔ ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔ کئی دفعہ عمرہ کرنے کی سعادت بھی پائی۔
اپنے آخری ایام میں فرمایا کرتے تھے کہ مَیں نے اپنے لئے اللہ میاں سے جمعہ کا دن مانگا ہوا ہے۔ چنانچہ 12 فروری 2010ء بروز جمعہ دوپہر پونے ایک بجے آپ کی وفات ہوئی۔ تدفین کینیڈا کے میپل قبرستان میں ہوئی۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ نے آپ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ آپ نے اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑیں۔