محترم سردار افتخارالغنی صاحب شہید
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ اگست و ستمبر 2010ء میں مکرم محمد اجمل شاہد صاحب نے محترم سردار افتخارالغنی صاحب شہید کا مختصر ذکرخیر کیا ہے۔
محترم سردار افتخارالغنی صاحب 28مئی 2010ء کو مسجد دارالذکر پر حملے کے دوران ایک دہشت گرد کو پکڑنے کی کوشش میں دوسرے دہشتگرد کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ آپ کی عمر بوقت شہادت قریباً 45 سال تھی۔ اپنی گھریلو اور کاروباری مصروفیات کے باوجود آپ خدمت دین کے لئے ہمیشہ مستعد رہتے۔ اپنے والدین کے انتہائی فرمانبردار تھے۔ آپ کے بڑے بھائی کرنٹ لگنے سے اچانک وفات پاگئے تھے جس کے بعد اپنے والدین کی خواہش کے مطابق آپ نے اپنی بیوہ بھابھی سے شادی کرلی۔ خدا تعالیٰ نے اولاد بھی عطا فرمائی جن کی تعلیم اور شادی کی ذمہ داریاں نبھانے کی سعی میں آپ مصروف تھے۔ صلہ رحمی آپ کی فطرت میں تھی بلکہ اپنے والد کے دوستوں کے ساتھ بھی بہت احترام کا برتاؤ رکھتے۔