محترم شیخ نذیر احمد صاحب آف مردان
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 9جنوری 2012ءمیں مکرمہ ث نذیر صاحبہ کے قلم سے اُن کے والد محترم شیخ نذیر احمد صاحب کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
محترم شیخ نذیر احمد صاحب کو 1932ء میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ اُس وقت آپ کوئٹہ میں تھے۔ 1935ء میں زلزلہ آنے کے بعد کوئٹہ سے مردان آبسے۔ یہاں اپنی خدمت خلق کی وجہ سے مردان کی معروف شخصیت بن گئے۔ 1963ء اور 1967ء کے بلدیاتی انتخابات میں نواب آف ہوتی اور شوگرمِل کے ایک مالک کے مقابل پر کامیابی حاصل کی۔ دراصل آپ کی ہمدردانہ طبیعت کا لوگوں میں بہت احساس تھا۔ آپ کے بینر پر بھی تحریر تھا: ’’بذات خود غریب اور غریبوں کا ہمدرد‘‘۔
محترم شیخ صاحب مرکز سے آنے والے مہمانوں کی بہت تکریم کرتے۔ حضرت مرزا ناصر احمد صاحبؒ اور حضرت مرزا طاہر احمد صاحبؒ بھی ان کے ہاں بطور مہمان تشریف لاتے رہے۔ خلافت سے والہانہ عشق رکھتے تھے۔ جلسہ سالانہ پر ضرور جاتے۔ اپنے بچوں کی تربیت نہایت احسن رنگ میں کی۔