محترم صوبیدار صلاح الدین رشید صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18؍اپریل2008ء میں مکرمہ ط۔ شکیل صاحبہ نے اپنے تایا محترم صوبیدار صلاح الدین رشید صاحب کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم صوبیدار صلاح الدین صاحب ابن حضرت حکیم نظام الدین صاحبؓ (سابق مربی سلسلہ کشمیر)18 مارچ 1918 ء کو اکھنور کشمیر میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی۔ پھر کپورتھلہ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی لیکن حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم ترک کردی اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی تحریک پر فوج میں بھرتی ہوگئے۔ دو سال عراق کے شہر کرکوک میں بھی رہے اور 1944ء میں واپس آئے۔ کچھ عرصہ کے بعد پونا میں تعیناتی ہوگئی جہاں ایک مخالف ساتھی بہت بدزبان تھا جو آپ کے سمجھانے کے باوجود شوخی میں بڑھتا چلا گیا۔ ایک دن ہاکی کھیلتے ہوئے گیند اس زور سے اُس کے پیٹ کے نیچے لگی کہ ڈاکٹروں نے کہا کہ اگر بچ بھی گیا تو معذور ہوجائے گا۔ اس پر اُس نے آپ کو بلایا اور عاجزی سے معافی مانگی اور کہنے لگا حضور کی خدمت میں بھی دعا کا خط لکھ دیں۔ پھر آپ کے کہنے پر اُس نے خط لکھا۔ اللہ تعالیٰ نے اُس کو مکمل شفا دی اور کچھ عرصہ بعد اُس نے قادیان جاکر احمدیت قبول کرلی۔