محترم غلام مصطفی پڈھیار صاحب
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ اگست 2009ء میں مکرم گلریز مصطفی صاحب نے اپنے والد محترم غلام مصطفی پڈھیار صاحب کا مختصر ذکرخیر کیا ہے۔
محترم غلام مصطفی پڈھیار صاحب 15 جولائی 1963ء کو صابوپڈھیار ضلع سیالکوٹ میں محترم چودھری شکردین صاحب کے گھر پیدا ہوئے۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا آغاز آپ کے دادا محترم چودھری ناظر علی پڈھیار کے ذریعہ ہوا تھا۔
محترم غلام مصطفی صاحب نے میٹرک کرکے پولیس میں بطور کانسٹیبل ملازمت کرلی۔ 1985ء میں آپ کی شادی ہوئی۔ آپ نہایت شریف، ایماندار، محنتی، پانچ وقت نماز کے پابند اور قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے والے تھے۔ نظام وصیت سے منسلک تھے۔ مرحوم حلقہ دارالذکر لاہور کے سیکرٹری زراعت رہے اور مجلس انصاراللہ میں بھی خدمت بجالاتے رہے۔ آپ کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہوئے جن میں سے ایک بیٹا اور بیٹی نظام وقف نو میں شامل ہیں۔
27 مئی 2009ء کو آپ اپنے دفتر میں بطور ASI انچارج ریسکیو 15 بلڈنگ خدمت میں مصروف تھے جب دہشت گردوں نے حملہ کیا اور بم دھماکے کے نتیجے میں آپ شہید ہوگئے۔ اُسی رات پولیس لائنز میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور سرکاری اعزازات کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پھر لاہور میں احمدیوں نے آپ کا جنازہ ادا کیا اور میت ربوہ لائی گئی جہاں نماز جنازہ کے بعد عام قبرستان میں امانتاً تدفین عمل میں آئی۔ آپ نے پولیس کے محکمہ میں 27 سال تک خدمت کی توفیق پائی تھی۔
حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے 5؍جون 2009ء کو خطبہ جمعہ میں مکرم غلام مصطفی صاحب کا تذکرہ فرمایا اور بعد ازاں نماز جنازہ غائب پڑھائی۔