محترم قریشی محمد عبداللہ صاحب
مخلص خادم سلسلہ محترم قریشی محمد عبد اللہ صاحب پسر حضرت قریشی شیخ محمد صاحبؓ 23 و 24اکتوبر 2004ء کی درمیانی شب 91 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین ہوئی۔
آپ کے آباؤ اجداد قدیم سے قادیان کے باشندے تھے۔ آپ 15؍اکتوبر 1913ء کو قادیان میں پیدا ہوئے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الاولؓ کی گود میں آپ کا نام محمد عبد اللہ رکھا گیا۔ یکم مئی 1939ء سے 30؍جون 2003ء تک مختلف حیثیتوں سے صدر انجمن احمدیہ مرکزیہ کی گرانقدر خدمات سرانجام دینے کی توفیق ملی۔ آپ تعلیم الاسلام کالج ربوہ کے ہیڈ کلرک، نائب افسر خزانہ، محاسب اور آڈیٹر صدرانجمن کے طور پر بے لوث اور مثالی کارکردگی پر ایک نمایاں شناخت کے حامل ٹھہرے۔ انصاراللہ مرکزیہ کے آڈیٹر اور مرکزی جلسہ ہائے سالانہ کے مواقع پر بھی نمایاں خدمت بجالائے۔ اپنے محلہ دارالرحمت وسطی ربوہ میں امام الصلوٰۃ، چندوں کی ادائیگی اور کارکنوں کی تربیت اور دیگر جماعتی خدمات کے حوالے سے ہمیشہ خلیفہ وقت کی اطاعت کے قابل تقلید نمونے پیش کئے۔ ہجرت کے وقت جماعتی اثاثوں کی منتقلی کے لئے تاریخی کردار ادا کیا جس کا تذکرہ تاریخ احمدیت میں محفوظ ہے۔