محترم قیس مینائی صاحب
معروف احمدی شاعر محترم قیس مینائی صاحب کا اصل نام ’’محمد یعقوب‘‘ تھا۔ آپ 1905ء میں نجیب آباد ضلع بجنور میں پیدا ہوئے۔ ادیب فاضل اور طبیب فاضل کی سندات حاصل کیں۔ علم فلکیات، منطق، فلسفہ اور عربی و فارسی کے علاوہ انگریزی پر بھی دسترس حاصل تھی۔ کلکتہ ہومیو امریکن کالج سے ہومیو معالج کی سند بھی حاصل کی۔ 1918ء میں انگریزوں کے خلاف عدم تعاون کی مشہور تحریک خلافت کے کیپٹن بنائے گئے اور 1920ء میں کانگریس کی سالانہ کانفرنس میں چار بڑی سیاسی جماعتوں کانگریس، خلافت، مسلم لیگ اور اکالی دل کے رضاکاروں کی مشترکہ قومی فوج کے پہلے کمانڈر انچیف مقرر ہوئے۔ 1923ء میں یہ تنظیم توڑ دی گئی۔
1924ء میں جناب قیس مینائی نے ایک رسالہ ’’شاعر‘‘ جاری کیا۔ 1925ء میں رسالہ ’’انقلاب زمانہ‘‘ کے نائب مدیر مقرر ہوئے اور اسی سال روزنامہ ’’صحیفہ‘‘ بھی جاری کیا۔ 1926ء میں ایک فی البدیہہ مشاعرہ میں آپ کو ’’بلیغ العصر‘‘ کا خطاب ملا۔ چار تصانیف آپ کی یادگار ہیں۔ آپ ایک قادرالکلام اور مصلح شاعر تھے۔
مارچ 1929ء میں آپ اولاً غیرمبائعین میں شامل ہوئے لیکن جلد ہی حضرت مصلح موعودؓ کی بیعت کر لی۔ آپ ایک کامیاب داعی اللہ اور احمدی نوجوانوں کے لئے عمدہ نمونہ تھے۔ 30؍ جون 1991ء کو جرمنی میں وفات پائی اور تدفین پاکستان میں عمل میں آئی۔ مکرم سلیم شاہجہانپوری صاحب کے قلم سے آپ کا ذکرِ خیر روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 31؍ جولائی 1996ء کی زینت ہے۔