محترم محمد شفیع خان صاحب نجیب آبادی
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 25؍نومبر 2002ء میں مکرم مسعود رشید احمد خان صاحب اپنے والد محترم محمد شفیع خان صاحب نجیب آبادی کا ذکر خیر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں کہ مرحوم 1948ء میں کراچی آئے اور گولیمار کے علاقہ میں ایک کوارٹر لے کر اُس میں قیام کیا۔ پھر یہاں چند اَور احمدی بھی آکر آباد ہوئے تو یہاں جماعت قائم ہوئی جس کے پہلے صدر آپ مقرر ہوئے۔ بطور زعیم انصاراللہ بھی کام کیا اور کراچی کے شعبہ مال میں بھی سالہا سال خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ گولیمار میں احمدیہ مسجد کی تعمیر وقار عمل کے ذریعہ ہوئی اور یہیں آپ سیرۃالنبیﷺ کے جلسے اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کرتے رہے۔ خود بھی شاعر تھے اسلئے مشاعرے بھی منعقد کئے جاتے۔ بہت خوش لباس اور خوش اخلاق تھے۔
رات کو جلد سوتے اور صبح تہجد ادا کرکے تلاوت قرآن کرتے رہتے۔ پھر فجر کی نماز کے لئے سب کو جگاتے اور باجماعت نماز ادا کی جاتی۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کی کتب سے درس دیتے۔ تمام جماعتی اخبارات و رسائل منگواتے اور اُن کو فائلوں میں محفوظ رکھتے۔ 29؍ستمبر 1986ء کو 82 سال کی عمر میں وفات پائی۔ موصی تھے اس لئے بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین ہوئی۔