محترم ملک محمد اقبال صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 4؍دسمبر 2006ء میں محترم ملک محمد اقبال صاحب آف نارنگ منڈی کا ذکرخیر کرتے ہوئے مکرم عبدالباسط بٹ صاحب لکھتے ہیں کہ محترم ملک محمد اقبال صاحب کا تعلق اہل حدیث مسلک سے تھا۔ میٹرک کے دوران اپنے ایک کلاس فیلو سے معلومات حاصل کرکے بعد تحقیق 1986ء میں احمدیت کی آغوش میں آگئے۔ اس کے بعد بڑی استقامت سے دھمکیوں اور مخالفین کے ہتھکنڈوں کا سامنا کیا۔ جھوٹے مقدمہ کے اندراج کے بعد اسیرراہ مولیٰ رہنے کا اعزاز بھی ملا۔ اسیری کے دوران اُن کے حصہ داروں نے کاروبار پر قبضہ کرلیا اور والد نے بھی آپ کو جائیداد سے عاق کردیا۔ ضمانت پر رہائی ملی تو آپ نے بچی کھچی پونجی سے اپنا کاروبار شروع کیا تو اللہ تعالیٰ نے غیرمعمولی برکت عطا فرمائی۔ 1990ء میں آپ کی شادی ہوئی تو میاں بیوی دونوں نے اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کیا۔ بہت مہمان نواز تھے۔ اپنے گھر میں MTA بھی لگوایا۔ اپنے بیٹے کو وقف نو کی تحریک کا مجاہد بنایا۔ محترم ملک صاحب نے کئی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ ہر جماعتی خدمت کے لئے خود کو فعال رکھا اور دشمن کی ایذارسانی کی کبھی پرواہ نہ کی۔ کچھ عرصہ قبل ان کی وفات ہوئی تو احمدیہ قبرستان نارنگ منڈی میں تدفین عمل میں آئی۔