محترم مولانا احمد رشید صاحب
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان 2؍اکتوبر1997ء میں جید عالم اور نہایت کامیاب مبلغ محترم مولانا احمد رشید صاحب کی رحلت کی خبر شائع ہوئی ہے۔ آپ 14؍اگست 1997ء کو بعمر 82 سال وفات پاگئے۔
مرحوم نے ابتدائی تعلیم کے بعد دارالعلوم عربک کالج میں اور عمرآباد دارالسلام عربک کالج میں دینی تعلیم حاصل کی اور 1937ء میں افضل العلماء کی ڈگری حاصل کی۔ خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کی تصنیف ’’آئینہ کمالات اسلام‘‘ کے عربی حصہ کے مطالعہ کے نتیجے میں مرحوم کو قبول احمدیت کی توفیق عطا فرمائی۔ آپ تین سال تک بطور مبلغ خدمات بجالانے کے بعد مزید تعلیم کے لئے قادیان تشریف لے گئے جہاں احمدیہ مسائل اور اردو زبان پر عبور حاصل کرکے بطور مبلغ کیرلہ تشریف لے گئے جہاں 1965ء تک مقیم رہے۔ عربی زبان پر آپ کو عبور حاصل تھا اور آپ نے عربی میں کئی مضامین رقم کئے اور اشعار بھی کہے۔ کئی جماعتوں کا قیام آپ کی کوششوں سے عمل میں آیا۔ ایک مختصر عرصہ کے لئے جامعہ احمدیہ میں بطور مدرس بھی خدمات انجام دیں۔ آخری عمر میں آپ کو حضرت اقدسؑ کی بعض کتب کا مالایالم زبان میں ترجمہ کرنے کی بھی توفیق عطا ہوئی۔ آپ ایک کامیاب ہومیوپیتھ بھی تھے۔ اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے۔