محترم مولانا محمد سعید انصاری صاحب کی وفات
محترم مولانا محمد سعید انصاری صاحب مربی سلسلہ 9 ؍جنوری 2004ء بروز جمعۃ المبارک بعمر 88 سال لاہور میں وفات پا گئے۔ آپ موصی تھے، تدفین بہشتی مقبرہ میں ہوئی۔
آپ مورخہ 10 مارچ 1916ء بروز جمعہ تحصیل بٹالہ کے ایک گاؤں میں حضرت حکیم مولوی محمد اعظم صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی۔ دس سال تک سرکاری ملازمت کرنے کے بعد 1944ء میں فیروز سنز لاہور میں بطور پروف ریڈر کام شروع کیا۔ پھر 1946ء میں اپنی زندگی وقف کی تو حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ نے آپ کی پہلی تقرری ملایا، سنگاپور میں بطور مربی فرمائی۔ 28 ؍مارچ 1948ء کو آپ سماٹرا (انڈونیشیا) تشریف لے گئے۔ دسمبر 1949ء میں برٹش نارتھ بورنیو میں تقرر ہوا اور 1959ء تک وہاں قیام پذیر رہے۔ 1961ء میں دوبارہ سنگاپور میں تقرری ہوئی۔ 1964ء میں ربوہ تشریف لائے اور جامعہ احمدیہ میں انڈونیشین زبان پڑھاتے رہے۔ 1967ء میں ملائیشیا بھجوایا گیا۔ 26 نومبر 1970ء کو ربوہ تشریف لائے اور تین سال تک دارالقضاء کیلئے خدمات کی توفیق پائی۔ 1973ء میں انڈونیشیا بھجوایا گیا۔ 1977ء میں ربوہ تشریف لائے تو جامعہ احمدیہ میں تقرری ہوئی اور 12 سال تک یہاں غیر ملکی طلبہ کو پڑھاتے رہے۔ 1980ء سے وکالت تبشیر ربوہ اور پھر وکالت اشاعت ربوہ میں جون 2003ء تک خدمت کا موقع ملا۔
آپ نے متعدد کتب انڈونیشین زبان میں ترجمہ کیں۔ 1986ء میں بطور نمائندہ تحریک جدید جلسہ سالانہ برطانیہ میں شامل ہوئے۔ آپ ایک نیک، دعاگو اور عالم باعمل بزرگ مربی تھے۔ آپ نے نہایت اخلاص، محنت اور لگن کے ساتھ 57 سال تک بے لوث خدمات سلسلہ ادا کرنے کی توفیق پائی۔
آپ کی اہلیہ محترمہ محمودہ بیگم صاحبہ بنت مکرم محمد عالم صاحب 8؍اگست 1988ء کو وفات پاگئی تھیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو 6 بیٹیوں سے نوازا۔