محترم مولوی محمد ابراہیم بھامبڑی صاحب کے لیے ایک دعائیہ تقریب

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 18؍نومبر2024ء)

مولانا محمد ابراہیم بھامبڑی صاحب

محمد زکریا ورک صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7؍جون 2014ء میں ایک خوبصورت دعائیہ تقریب کی مختصر رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں تحریر ہے کہ سلسلہ کے قدیم خادم محترم مولوی محمد ابراہیم بھامبڑی صاحب 6؍جون 1914ء کو قادیان کے قریب واقع گاؤں بھامبڑی میں پیدا ہوئے۔ آپ نے اٹھائیس سال بطور استاد تعلیم الاسلام ہائی سکول میں اور پچاس سال بطور صدر محلّہ دارالنصر غربی ربوہ خدمات سرانجام دیں۔ دنیابھر میں پھیلے ہوئے آپ کے شاگردوں نے آپ کی خدمت دین سے معمور سوسالہ زندگی پر شکرانہ کے طور پر ایک تقریب منعقد کرنے کا پروگرام بنایا جس کے محرّک مکرم محمد زکریا ورک صاحب (کینیڈا) تھے۔ سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے انہوں نے ایک سو سال کی مناسبت سے سوہزار (ایک لاکھ روپے) اپنے بزرگ استاد کی خدمت میں پیش کرنے کے لیے اکٹھے کیے اور آپ کے حالات و خدمات پر مشتمل ایک چوورقہ باتصویر سوونیئر بھی شائع کیا۔

پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب
چودھری حمیداللہ صاحب

یہ تقریب 31؍مئی 2014ء کو بعد نماز عصر دفتر صدر عمومی ربوہ میں منعقد ہوئی جس کے منتظم مکرم منیر احمد منیب صاحب تھے۔ اس تقریب میں مکرم پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب نے منظوم سپاسنامہ بھی پیش کیا۔ محترم مولوی صاحب نے اس تقریب کا انعقاد کرنے پر اپنے شاگردوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے کی نصیحت کی۔ آپ نے بلند آواز میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ بھی سنایا۔ تقریب کے اختتام پر محترم چودھری حمیداللہ صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید ربوہ نے دعا کروائی۔
(نوٹ:یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ استاذی المحترم ماسٹر مولوی محمدابراہیم بھامبڑی صاحب، مولوی فاضل 17؍دسمبر 2023ء بروز اتوار طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں بعمر 109 سال وفات پا گئے تھے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ)

اپنا تبصرہ بھیجیں