محترم میاں محمد اعظم صاحب
پاکستان کی پہلی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 1959ء میں منعقد ہوئی جس میں میاں محمد اعظم صاحب پہلے پاکستانی تھے جنہوں نے اپنے وزن سے دوگنا وزن اٹھا کر ریکارڈ قائم کیا۔ ماہنامہ ’’ہمدرد صحت‘‘ نے نومبر 1964ء کے شمارہ میں اور ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ نے 1967ء میں اپنے شمارہ کے سرورق پر آپ کی تصاویر شائع کیں اور آپ کی منفرد کامیابیوں کو سراہا۔
محترم میاں صاحب 5؍اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔ اولمپکس، ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز، سیف گیمز اور کئی دیگر عالمی ٹورنامنٹس میں متعدد بار پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے قومی چیمپئن کا اعزاز مسلسل آٹھ سال تک آپ کے پاس رہا۔ آپ بہت سے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستانی ٹیم کے مینیجر، کوچ، چیف کوچ اور ریفری رہے ہیں۔
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10؍اگست 1996ء میں مکرم میاں محمد اعظم صاحب کی کامیابیوں کی تفصیل محترم نسیم سیفی صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔