محترم میاں محمد یحییٰ صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 13؍ستمبر 2003ء میں محترم میاں محمد یحییٰ صاحب کا ذکر خیر کرتے ہوئے مکرم محمود احمد قریشی صاحب رقمطراز ہیں کہ مکرم میاں محمد یحییٰ صاحب کے والد حضرت حاجی محمد موسیٰ صاحبؓ نے 1901ء میں نیلاگنبد لاہور میں سائیکلوں کا کاروبار شروع کیا تھا۔
محترم میاں محمد یحییٰ صاحب نے ساری عمر خدمت دین اور خدمت خلق کے لئے وقف رکھی۔ وہ اطاعت کو ہی اپنی سعادت سمجھتے تھے۔ سنجیدہ اور نمود و نمائش سے دُور تھے۔ اپنے فرائض بہت تندہی اور خوش اسلوبی سے سرانجام دیتے تھے۔ لاہور کے ہر فرد کے تحریک جدید کے وعدہ اور وصولی کی تفصیل فوری طور پر آپ سے معلوم کی جاسکتی تھی۔
جماعت احمدیہ لاہور کے امین ہونے کے ناطے آپ کو اکثر نیلاگنبد سے دارالذکر جانا پڑتا تھا۔ آپ کے بڑھاپے کو دیکھ کر مکرم امیر صاحب نے گاڑی بھجوانے کی پیشکش بھی کی لیکن آپ نے سائیکل پر جانا ہی بہتر سمجھا۔
اپنے کاموں سے فارغ ہوکر بہت سے احباب عموماً آپ کی دکان سے ہوکر گزرتے تاکہ جماعتی خبروں کا علم ہوجائے۔ آپ ہمیشہ خندہ پیشانی سے ملتے۔ سالہا سال سے مجلس مشاورت کے نمائندہ بھی منتخب ہورہے تھے۔ مجلس خدام الاحمدیہ ضلع لاہور کے قائد بھی رہ چکے تھے۔ 1954ء سے وفات تک جماعت لاہور کے سیکرٹری تحریک جدید اور امین وغیرہ کے طور پر خدمت کی سعادت پاتے رہے۔ نیز انصاراللہ لاہور کی مجلس عاملہ میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ محترم میاں صاحب نے 29؍نومبر 2002ء کو 82 سال کی عمر میں وفات پائی اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین عمل میں آئی۔