محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف خان صاحب کا انٹرویو
روزنامہ’’الفضل‘‘ ربوہ کے سالانہ نمبر 1996ء میں محترم پروفیسر ڈاکٹر محمدشریف خان صاحب کا انٹرویو محترم یوسف سہیل شوق صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
محترم پروفیسر صاحب کے والدافریقہ میں بطور ڈاکٹر طبی خدمات انجام دیتے رہے تھے۔ جب اُنہیں قبول احمدیت کی سعادت حاصل ہوئی اور انہوں نے اپنی اولادکی تربیت کی خاطر قادیان بھجوادیا۔ محترم خان صاب 1939ء میں پیدا ہوئے۔ آپ چار بھائی تھے جن میں دوواقف زندگی تھے۔ اُن میں سے ایک 1947ء کے فسادات میں شہید ہوگئے۔ چنانچہ آپ کے والد نے اُن کی جگہ آپ کو وقف کردیا۔ اُس وقت آپ آٹھویں زیر تعلیم تھے۔ پھر آپ M.Scزوآلوجی میں پنجاب یونیورسٹی میں اوّل آئے اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔ 1963ء میں تعلیم الاسلام کالج میں شعبہ تدریس سے وابستہ ہوئے۔
جستجو بچپن ہی سے آپ کی عادت ثانیہ تھی چنانچہ اپنے سائنسی تحقیقی کام کو اپنی ملازمت کے دوران جاری رکھااورPh.Dکی ڈگری کیلئے ایسی شاخ منتخب کی جس پر کام کرنے والے پاکستان کے آپ پہلے شخص ہیں۔ آپ کا پہلا تحقیقی مقالہ 1972ء میں شائع ہوا اور اب تک ایک سو سے زائد مقالے اور ایک کتاب طبع ہوچکی ہے اور تین کتب اشاعت کے مرحلے میں ہیں۔ آپ اب تک 13 نئی دریافتیں کرچکے ہیں جن میں 8 چھپکلیاں، ایک سانپ اورچار اقسام کے مینڈک شامل ہیں۔ نیزدوتحقیقی مشنوں پر بھی کام کرچکے ہیں۔