محترم چودھری لطیف احمد صاحب
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس و انجینئرز کے ٹیکنیکل میگزین 1999ء میں محترم چودھری لطیف احمد صاحب کا مختصر ذکر خیر بھی شائع کیا گیا ہے۔ مرحوم نے میٹرک کے بعد پاکستان ایئر فورس میں ملازمت اختیار کی اور ایئر فورس کے امتحان میں کارکردگی کی بنیاد پر اُن چار افراد میں شامل ہوئے جنہیں اعلیٰ تربیت کے لئے امریکہ بھجوایا گیا۔ آپ بہت اچھے کھلاڑی تھے۔ ایئرفورس کا چار سو میٹر دوڑ کا اعزاز سات سال تک آپ کے پاس رہا۔ دیگر کھیلوں میں بھی آپ نمایاں رہے اور ملازمت کے دوران تعلیم جاری رکھتے ہوئے گریجوایشن بھی مکمل کرلی۔ ایئرفورس سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد آپ نے ایک پرائیویٹ کمپنی میں چھ سال تک ملازمت کی اور پھر انجینئرنگ کی فیلڈ میں اپنا کاروبار شروع کردیا۔
آپ پاکستان کے پہلے انجینئر تھے جنہوں نے اپنی فیلڈ میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی اور اپنی نگرانی میں بہت سے کامیاب پلانٹ لگوائے۔ آپ کے متعدد مضامین اخبارات میں بھی شائع ہوتے رہے اور احمدیہ آرکیٹیکٹس و انجینئرز ایسوسی ایشن (فیصل آباد چیپٹر) کئی سال تک آپ کی سرکردگی میں کام کرتی رہی۔