محترم چودھری محمد احمد خان صاحب درویش

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم مجید احمد پرویز صاحب نے اپنے والد محترم چودھری محمد احمد خان صاحب درویش کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم چودھری محمد احمد خان صاحب ضلع ہوشیارپور کے گاؤں سٹروعہ میں حضرت چوہدری نور احمد خان صاحبؓ (ولد حضرت چوہدری بدر بخش صاحبؓ) کے گھر 1916ء میں پیدا ہوئے۔ جنہوں نے 1903ء میں حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کی اور 1905ء میں قادیان آکر دستی بیعت اور زیارت کی اور پھر قادیان میں رہائش اختیار کر لی اور صدر انجمن احمدیہ میں ملازم ہوگئے۔ آپؓ نے دفتر بہشتی مقبرہ اور لنگرخانہ میں خدمت سرانجام دی۔ نیز حضرت چوہدری نصراللہ خاں صاحب ؓ (والد حضرت چوہدری محمد ظفراللہ خان صاحب ؓ) کے ساتھ بھی عرصہ دراز تک صدرانجمن احمدیہ قادیان میں کام کیا۔ اُن کے بارہ میں (اصحاب احمد جلد 11میں ) حضرت چوہدری نصراللہ خاں صاحب ؓنے لکھا ہے کہ انہوں نے میرے تحت دو سال کام کیا۔ آپ نہایت متقی ،پرہیزگاراور ولی اللہ تھے ۔بہت دعاگو تھے اور نہایت سادہ زندگی کو پسند کرتے تھے۔ دفتر بہشتی مقبرہ میں باقاعدہ بیٹھ کر کام کرتے تھے اور ساتھ ساتھ قرآن کریم بھی حفظ کرتے جاتے تھے ۔
1943ء میں محترم چودھری محمد احمد خان صاحب کی شادی اپنے ہی خاندان میں مکرم چوہدری حاکم علی خان صاحب مرحوم آف سٹروعہ کی بیٹی مکرمہ امۃالرحمان صاحبہ سے ہوئی۔ تقسیم ہند کے وقت آپ نے مرکز کی حفاظت کے لئے خود کو پیش کرنے کی سعادت پائی۔ آپ نہایت نرم خو تھے۔ اپنی ذات کے لئے نہایت کفایت شعار تھے لیکن جماعتی تحریکات پر فراخدلی سے لبّیک کہتے۔ لباس بہت سادہ اور سفید اور صاف ستھرا پہنتے تھے ۔ بہشتی مقبرہ قادیان میں جماعت کا ٹیوب ویل چلانے کی ذمہ داری آپ کی تھی جہاں سے لوگ اپنی زمینوں پر قیمتاً پانی لگایا کرتے تھے۔ احمدی یا غیرمسلم لوگ دن اور رات کے کسی بھی پہر آپ کا دروازہ کھٹکھٹاتے اور آپ کبھی بھی ماتھے پر شکن لائے بغیر ٹیوب ویل چلاتے اور رقم وصول کرکے رسید کاٹتے۔ یہ رقم اگلی صبح خزانہ میں جمع کروادیتے۔ آپ بڑی خوش اسلوبی سے اپنے آخری دنوں تک یہ ڈیوٹی نبھاتے رہے۔ آپ نے نہایت اطاعت اور وفاداری کے ساتھ درویشی کا دَور گزارا۔ لوگوں سے کبھی کسی تنگی کا اظہار نہیں کیا۔ صرف خدا کے آگے سربسجود رہے۔ نہایت امین اور بااعتماد وجود تھے۔ صدر انجمن احمدیہ قادیان کے مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ حضرت صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کے تمام اکاؤنٹ کا حساب آپ کے پاس ہوتا تھا۔
محترم چودھری محمد احمد خان صاحب کی وفات 73سال کی عمر میں 1989ء میں ہوئی۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم بشیر احمد ناصر صاحب آف کینیڈا کو بھی شعبہ فوٹوگرافی میں خاص خدمت کی سعادت مل رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں