محترم چودھری محمد شریف صاحب سابق مبلغ بلاد عربیہ و گیمبیا
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 28؍اکتوبر 1998ء میں محترم چودھری محمد شریف صاحب سابق مبلغ بلاد عربیہ و گیمبیا کا ذکر خیر کرتے ہوئے مکرم عبدالقدیر قمر صاحب رقمطراز ہیں کہ آپ کی زبان ہمیشہ درود شریف سے تر رہتی تھی اور آپ عشق خدا اور عشق رسولؐ میں سرشار تھے۔
ایک دفعہ میں نے خط میں آپ کو صرف ’’چودھری شریف صاحب‘‘ لکھ کر مخاطب کیا۔ آپ نے جواباً ارشاد فرمایا کہ آخر مجھ سے کیا جرم سرزد ہوا کہ ’’محمد‘‘ سے جدا کردیا۔
آپ خاکساری اور انکساری کا مجسمہ تھے۔ ایک بار کلاس میں فرمانے لگے کہ دیکھو میں صرف پانچ جماعت پاس ہوں۔ خلیفہ وقت کی بیعت اور اطاعت کے نتیجہ میں مَیں نے بڑے بڑے اہل علم اور فلاسفروں اور منطقیوں سے گفتگو کی ہے اور ہمیشہ ہی خدا نے سرخرو کیا ہے، اصل علم خدا تعالیٰ سے تعلق کے نتیجہ میں پیدا ہوتا ہے۔
مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ فیصل آباد کی عدالت میں پیش ہونے کے لئے میں لاری اڈہ کی طرف جا رہا تھا کہ راستہ میں محترم مولوی صاحب مل گئے۔ میں نے دعا کی درخواست کی تو فرمایا کہ قید و بند بھی ایک سنّت ہے اس کی ادائیگی کے لئے تیار ہو جاؤ۔ … جب مجسٹریٹ نے مسجد پر کلمہ لکھنے کے جرم میں تین سال قید سخت اور دو ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تو مجھے فوراً آپ کے کہے ہوئے الفاظ یاد آنے لگے اور دل کو تسلّی ہوگئی۔