محترم چودھری محمد عبدالوہاب صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19ستمبر 2011ء میں مکرم محمد یوسف بقاپوری صاحب کے قلم سے محترم چودھری محمد عبدالوہاب صاحب (برادرِ اصغر محترم ڈاکٹر عبدالسلام صاحب) کا ذکرخیر شائع ہوا ہے جو 7 ستمبر 2010ء کو مختصر علالت کے بعد اسلام آباد (پاکستان) میں بعمر 71سال وفات پاگئے۔ تدفین ربوہ میں ہوئی۔ پسماندگان میں 3بیٹے اور اہلیہ شامل ہیں ۔
محترم چودھری محمد عبدالوہاب صاحب حضرت چودھری محمدحسین صاحب سابق امیر جھنگ شہر کے سب سے چھوٹے صاحبزادے تھے۔ 9؍ اکتوبر 1939ء کو جھنگ میں پیدا ہوئے۔ دورانِ ملازمت کئی شہروں میں مقیم رہے اور ہر جگہ خدمتِ دین میں پیش پیش رہے۔
محترم چودھری محمد عبدالوہاب صاحب کراچی میں مجلس خدام الاحمدیہ کے قائد رہے اور علَم انعامی حاصل کیا۔ بنک کی ملازمت سے ریٹائرہوکر 1988ء سے اسلام آباد میں رہائش اختیارکرلی اور یہاں لمبا عرصہ بطور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق پائی۔ مجلس مشاورت میں نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ نیز ناظم ضلع انصاراللہ ضلع اسلام آباد کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ۔ خاکسار کو 13سال زعیم اعلیٰ انصاراللہ رہنے کا موقع ملا ہے۔ اس دوران مرحوم کو نہایت قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ مرکزی ہدایات پر سختی سے عمل کراتے۔ آپ کے دَور میں نظامت ضلع اسلام آباد نے پاکستان کے اضلاع میں لگاتا ر دو سال اوّل پوزیشن حاصل کی۔ آپ کام کرنے والوں کی کھلے دل سے حوصلہ افزائی کرتے۔ طبیعت میں مزاح بھی تھا اور نرم گفتگو سے ہر ایک کا دل موہ لیتے تھے۔ اکثر سوال و جواب کی محافل منعقد کرواتے جن میں مرکزی عہدیداران کو بھی بلایا جاتا اور دعوت الی اللہ کا کام نہایت خوش اسلوبی سے چلتا رہتا۔ سب ایک ٹیم کی طرح کام کرتے۔ آپ وقت کی خود بھی پابندی کرتے اور دوسروں سے بھی کرواتے۔ مقامی اجتماعات باقاعدگی سے منعقد کرواتے اور کوشش ہوتی کہ حاضری سو فیصد ہو۔ اس کے لئے ضلع بھر کی مجالس سے آنے والے احباب رات کو مسجد میں قیام کرتے۔ اُن کا آمد و رفت کا سارا خرچ خود برداشت کرتے تھے۔
آپ خلیفۂ وقت کو باقاعدگی سے خطوط لکھتے اور دوسروں کو بھی اس کے لئے بار بار یاددہانی کرواتے۔ پنج وقتہ نماز کے پابند، نہایت دعاگو، منکسرالمزاج، خلافت سے والہانہ عقیدت رکھنے والے مخلص اور باوفا انسان تھے اور مشکلات اور تکالیف کو ہمیشہ صبر اور شکر سے برداشت کیا کرتے تھے۔ اپنے بچوں کی بھی نہایت اعلیٰ تربیت کی۔ آپ کے تین بیٹے ہیں ۔ ایک بیٹے مکرم محمد عبدالرؤف ریحان صاحب سالہاسال سے خدام الاحمدیہ میں قائد ضلع اسلام آباد کے طور پر خدمت بجالارہے ہیں ۔