محترم چوہدری مسعود احمد سوہاوی صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍دسمبر 2003ء میں مکرم چودھری مسعود احمد سوہاوی صاحب کا ذکرخیر مکرم سہیل احمد ثاقب بسرا صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
آپ 1926ء میں چودھری محمد حسین صاحب کے ہاں سوہاوہ ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ مڈل کا امتحان بدوملہی سے پاس کیا۔ 1938ء میں آپ کو اپنے ننھیال کے ذریعہ قبول احمدیت کی سعادت عطا ہوئی۔ آپ تادمِ آخر اپنے خاندان میں اکیلے احمدی رہے۔ 1945ء میں الفضل میں ملازمت کا اشتہار پڑھ کر آپ بھی قادیان چلے گئے اور خدام الاحمدیہ میں کارکن ہوگئے۔ قیام پاکستان کے بعد ہجرت کرلی اور صدر انجمن احمدیہ میں خدمت جاری رکھی۔ 1971ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد روزنامہ الفضل، دفتر انصاراللہ اور وقف جدید میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو نماز سے عشق تھا۔ موسم کی پرواہ کئے بغیر اوّل وقت میں مسجد جاتے اور نوافل میں مشغول ہوجاتے۔
خلافت سے آپ کو بہت محبت تھی۔ حضرت مصلح موعودؓ کے ساتھ سندھ اور کوئٹہ کی زمینوں پر جانے کا موقع بھی ملا۔
آپ چندہ جات میں بہت باقاعدہ تھے۔ اپنے بیٹے اور پوتوں کی طرف سے بھی چندہ دیتے رہے۔ اپنے محلہ کے لمبا عرصہ سیکرٹری مال رہے۔ بیماروں کی عیادت اور کمزوروں کی مالی مدد کرتے تھے۔