مکرمہ سیدہ سعیدہ بیگم صاحبہ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍فروری 2003ء میں مکرمہ سیدہ سعیدہ بیگم صاحبہ کا ذکر کرتے ہوئے مکرم مشتاق احمد تنہا صاحب لکھتے ہیں کہ آپ مکرم سید علی اصغر شاہ صاحب مرحوم دیہاتی مربی کی بیٹی تھیں، سرگودھا کے گاؤں میں 1923ء میں پیدا ہوئیں۔ گھر میں ہی تعلیم حاصل کی۔ نومبر 1940ء میں مکرم سید غلام احمد نثار صاحب کے ساتھ شادی ہوئی۔ شادی کے بعد شروع میں اولاد فوت ہوتی رہی بعد میں دو بیٹے اور تین بیٹیوں نے لمبی عمر پائی۔ ایک بیٹے مکرم سید طاہر محمود ماجد صاحب مربی سلسلہ ہیں۔ 11؍اگست 2000ء کو کراچی میں وفات پائی اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین عمل میں آئی۔
مکرمہ سعیدہ بیگم صاحبہ ایک لمبا عرصہ گھٹیالیاں کی صدر لجنہ رہیں، بے شمار بچوں اور بچیوں کو قرآن کریم پڑھایا اور بیشتر وقت درس و تدریس میں مصروف رہتیں۔ اپنے علاقہ کی نگران لجنہ بھی رہیں۔ پیرانہ سالی کے باوجود بہت محنت کرتیں۔ آپ بتاتی تھیں کہ مَیں نے ہوش سنبھالنے کے بعد نماز تو کجا کبھی تہجد بھی نہیں چھوڑی سوائے شدید بیماری کے۔