مکرم سید طاہر احمد بخاری صاحب
ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا نومبر 2010ء میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق جماعت احمدیہ کینیڈا کے پہلے نیشنل صدر مکرم سید طاہر احمد بخاری صاحب 25 ستمبر 2010ء کو 79 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ آپ کی تدفین میپل ریجن میں ہوئی۔ آپ نے اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا بھی یادگار چھوڑے۔
مکرم سید طاہر احمد بخاری صاحب حضرت سید عزیزالرحمن شاہ صاحبؓ آف بریلی کے پوتے اور محترم سید عبداللہ شاہ صاحب کے بڑے بیٹے تھے۔ آپ 1954ء میں کینیڈا تشریف لائے اور کینیڈا میں جماعت احمدیہ کے بانی مبانی ابتدائی رکن تھے۔ آپ نہایت ہمدرد، خیرخواہ، مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ ایک صاف گو، شریف النفس اور اصول پسند انسان تھے۔ عہدہ سے بے نیاز ہوکر خدمت دین کو مقدّم جانتے۔ اپنی آخری علالت سے قبل تک انتہائی عاجزی اور انکساری سے احمدیہ مرکز بیت الاسلام میں تشریف لاکر خدمت بجالاتے رہے۔