مکرم عبدالوہاب آدم صاحب
مکرم عبدالوہاب آدم صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا کا پوسٹل انٹرویو روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 22؍دسمبر 1997ء میں شائع ہوا ہے۔ آپ 1936ء میں Brofoyedru اشانٹی ریجن گھانا میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد تعلیم الاسلام احمدیہ سیکنڈری سکول کماسی سے تعلیم حاصل کی اور پھر جامعہ احمدیہ ربوہ سے شاہد کی ڈگری لی۔ پھر گھانا میں ریجنل مربی اور جامعہ احمدیہ سالٹ پانڈ گھانا کے پرنسپل کے طور پر خدمت کا موقع ملا۔ اس کے بعد آپ ربوہ گئے جہاں مربیانِ سلسلہ کے پہلے ریفریشر کورس کے نگران مقرر ہوئے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ نے ایک موقع پر آپ کو امیر مقامی بھی مقرر فرمایا۔
آپ نے انگلستان میں بحیثیت نائب امام مسجد فضل لندن خدمت کی توفیق پائی اور رسالہ ’’ھیرلڈ‘‘ کے co-editor بھی رہے۔ 1982ء میں سپین میں انٹرنیشنل مجلس شوریٰ کے موقع پر حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ نے آپ کو رسالہ ریویو آف ریلجنز کو جدید خطوط پر شائع کرنے کے لئے قائم ہونے والی کمیٹی کا چیئرمین مقرر فرمایا۔ متعدد رسائل و اخبارات میں آپ کے مضامین شائع ہوتے رہے نیز گھانا کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لئے متعدد پروگرام ریکارڈ کروانے کی بھی توفیق پائی۔