مکرم عبدالکریم خالد صاحب
غانا کے ریجنل مبلغ مکرم عبدالکریم خالد صاحب 9؍ستمبر 2003ء کو بعمر 46 سال وفات پاگئے۔ 13؍ستمبر کو غانا میں ہی تدفین ہوئی۔ آپ 6؍مارچ 1957ء کو غانا میں پیدا ہوئے۔
مکرم عبدالکریم خالد صاحب نے پہلے احمدیہ مسلم مشنری ٹریننگ کالج سالٹ پانڈ سے تین سالہ کورس امتیاز کے ساتھ پاس کیا تو جماعت غانا کی طرف سے آپ کو مزید تعلیم کے لئے ربوہ بھجوایا گیا۔ جامعہ احمدیہ ربوہ سے 1987ء میں شاہد کلاس پاس کی اور 1988ء میں غانا میں ریجنل مبلغ مقرر ہوئے۔ غانا میں جلسہ سالانہ کمیٹی کے بھی مستقل ممبر تھے، جلسہ سالانہ کے دوران شعبہ مہمان نوازی کے نگران تھے، مجلس عاملہ کے بھی سرگرم رکن تھے۔ جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر جماعت غانا کی نمائندگی کی بھی توفیق پائی۔
آپ کو خون کا سرطان تھا۔ گزشتہ سال ناامیدی کی کیفیت میں حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے ہومیوپیتھی علاج شروع کروایا اور خصوصی دعاؤں سے بھی نوازا چنانچہ آپ کے صحت یاب ہونے پر ڈاکٹرز بھی حیران و ششدر تھے۔ تاہم امسال ملیریا بخار ہونے کے بعد بیماری کا دوبارہ حملہ ہوا اور چند دن کے اندر آپ اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہوگئے۔ آپ نے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ تین بچے بھی چھوڑے ہیں۔