مکرم مبشر احمد وسیم صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍جون 2012ء میں مکرم منصور احمد صاحب (امیر ضلع حیدرآباد) نے اپنے چھوٹے بھائی مکرم مبشر احمد وسیم صاحب کا ذکرخیر کیا ہے جو مکرم چودھری شریف احمد صاحب کے بیٹے اور حضرت چوہدری سردار خان کاہلوں صاحب آف چک چہور کے پوتے تھے۔ 1948ء میں ظفرآباد (راجاری۔تھرپارکر) میں پیدا ہوئے۔میٹرک 1965ء میں ربوہ سے کیا۔ بعدازاں حیدرآباد میں ملازمت کے ساتھ تعلیم جاری رکھی اور B.A. کرلیا۔ پھر قریباً تیس سال ایک جنرل سٹور بھی چلایا اور تجارت میں دیانت کا اعلیٰ معیار قائم کیا جس کا اعتراف غیروں کو بھی تھا۔ ہر ایک سے حسنِ سلوک کرتے۔ اسیرانِ راہ مولیٰ کی خدمت کی غیرمعمولی سعادت بھی سالہاسال حاصل ہوتی رہی۔ خلافت سے بہت محبت تھی۔ درودشریف کثرت سے پڑھتے۔ نظام جماعت کا بہت احترام تھا۔ مردم شناسی کی غیرمعمولی صفت عطا ہوئی تھی۔ اکثر شر اور خدشات کو قبل از وقت بیان کردیتے۔ حالات کی وجہ سے وطن سے ہجرت پر مجبور ہوئے لیکن توکّل بہت نمایاں تھا چنانچہ اخراجات کا معجزانہ انتظام ہوتا گیا۔
مرحوم میں مہمان نوازی کا وصف نمایاں تھا۔ نماز باجماعت کے اتنے پابند تھے کہ بیماری اور کمزوری میں بھی مسجد تشریف لاتے۔ چندوں میں خود بھی باقاعدہ تھے اور دوسروں کو بھی مسلسل اس کی تلقین کرتے رہتے۔ چنانچہ اہلیہ اور بچے بھی سب نظام وصیت سے منسلک ہیں۔ ہر جمعہ پر عید کی طرح تیاری کرتے۔ ہر خطبہ جمعہ اگلے جمعہ تک کئی بار سنتے۔ 11فروری 2012ء کو ہالینڈ میں وفات پائی اور وہیں مدفون ہوئے۔