مکرم محمد سلیم رانا صاحب شہید
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19دسمبر 2009ء میں مکرم رانا نصیر احمد صاحب کے قلم سے مکرم رانا محمد سلیم صاحب شہید کا ذکرخیر شائع ہوا ہے۔
قیام پاکستان سے پہلے آپ کا خاندان کاٹھگڑھ ضلع ہوشیارپور میں رہتا تھا۔ بعد میں سانگھڑ آکر آباد ہوا۔ مکرم رانا محمد سلیم صاحب نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور کچھ عرصہ اسی شعبہ میں ملازمت بھی کی۔ پھر آپ جرمنی چلے گئے اور کچھ سال بعد واپس آکر سکول کی بنیاد رکھی۔ کئی غریب طلباء آپ کے سکول میں مفت تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں۔ آپ کی طبیعت میں حیا تھی۔ متین اور کم گو تھے۔ چہرہ پر مسکراہٹ رہتی۔ مہمان نواز اور دعاگو تھے۔ نہایت صاف گو تھے اور صاف لباس زیب تن کرتے۔ اپنے بیٹے کو تحریک وقف نَو میں شامل کیا ہوا تھا۔
آپ بہت معاملہ شناس اور فہیم تھے۔ بات کی تہ تک جلد پہنچ جاتے۔ جس کام کو شروع کرتے اُس کو تکمیل تک پہنچاکر دم لیتے۔ قائد خدام الاحمدیہ علاقہ و ضلع بھی رہے اور حسن کارکردگی پر کئی انعامات کے حقدار قرار پاتے رہے۔