مکرم محمد طارق اسلام صاحب مربی سلسلہ
ماہنامہ ’’تحریک جدید‘‘ ربوہ اکتوبر 2009ء میں مکرم محمد طارق اسلام صاحب کے بارہ میں مکرم مجید احمد سیالکوٹی صاحب کا ایک مختصر مضمون شامل اشاعت ہے۔
مکرم محمد طارق اسلام صاحب ابن مکرم ماسٹر محمد شریف صاحب سابق امیر جماعت ڈسکہ 8 ستمبر 2009ء کو ایک مختصر علالت کے بعد 54 سال کی عمر میں کینیڈا میں وفات پاگئے۔
مکرم طارق اسلام صاحب نے مولوی فاضل کیا اور پھر 1978ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ سے شاہد کا امتحان اعلیٰ نمبروں سے پاس کیا۔ دورانِ تعلیم ہی ان کو جماعتی پروگراموں میں حصہ لینے کا بہت شوق تھا جو میدان عمل میں بہت مفید ثابت ہوا۔ بدّوملہی اور سرگودھا کی جماعتوں میں متعین رہے۔ دوسروں کے ہمدرد، ملنسار اور ہنس مکھ ہونے کی وجہ سے ہردلعزیز تھے۔ 1985ء میں اٹلی بھجوائے گئے لیکن ویزا کے مسائل کی وجہ سے چھ ماہ بعد پاکستان آنا پڑا۔ پھر وکالت تبشیر میں متعین ہوئے۔ 1993ء میں کینیڈا میں تقرری ہوئی جہاں وینکوور میں متعین رہے۔ مرحوم کی خلفاء سے محبت مثالی تھی۔
آپ کے والد کی وفات 1985ء میں ہوئی جبکہ والدہ کا سایہ آپ کے سر سے اُس وقت اٹھ گیا تھا جب آپ کی عمر صرف دو سال تھی۔ آپ کی شادی محترم مولوی صالح محمد صاحب مرحوم کی پوتی اور مکرم صادق محمد صاحب کی بیٹی مکرمہ امۃالنصیر صاحبہ سے ہوئی۔ آپ کی پانچ بیٹیاں ہیں۔