مکرم مرزا منظور احمد صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 21؍اپریل 2006ء میں مکرم مرزا منظور احمد صاحب کا ذکر خیر اُن کی اہلیہ مکرمہ کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
مکرم مرزا منظور احمد صاحب 18؍جون 1924ء کو ضلع گجرات کے ایک گاؤں پنڈی لالہ میں حضرت مرزا غلام رسول صاحبؓ کے ہاں پیدا ہوئے جو نہایت نیک، دعاگو اور صاحب رؤیا و کشوف بزرگ تھے۔ ابتدائی تعلیم پشاور میں ہوئی اور پانچویں کے بعد آپ کو مدرسہ احمدیہ قادیان میں داخل کروادیا گیا۔ مولوی فاضل کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی۔ 1949ء میں باٹنی میں M.Sc. کی۔ پھر صوبہ سرحد میں کئی کالجوں میں بطور پرنسپل کام کیا۔ 1984ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد کینیڈا آگئے اور یہاں 27؍نومبر 2004ء کو وفات پائی۔ تدفین کینیڈا میں قطعہ موصیان میں ہوئی۔
آپ جہاں بھی مقیم رہے جماعتی کاموں میں بھرپور حصہ لیتے رہے۔ ایبٹ آباد میں 1960ء سے 1963ء تک امیر جماعت بھی رہے۔ شروع سے گھر میں نماز باجماعت کی عادت ڈالی چنانچہ ہم نے شادی کے بعد قریباً پچاس سال نماز باجماعت ہی ادا کی ہے۔ بہت مہمان نواز تھے۔ دعوت الی اللہ میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ مضامین لکھے، جلسوں میں تقاریر کیں۔ الغرض جو بھی موقع ہوتا اس میں حصہ لیتے۔