مکرم ممتاز احمد صاحب ہاشمی درویش

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان 15؍مارچ 2007ء میں مکرم ممتاز احمد صاحب ہاشمی درویش کی وفات کی اطلاع شائع ہوئی ہے۔ آپ کی وفات 25؍نومبر 2006ء کو ہوئی اور تدفین بہشتی مقبرہ قادیان (قطعہ درویشان) میں ہوئی۔
آپ کی پیدائش ہوشیار پور کے قصبہ ماہل پور میں حضرت قریشی شاہ دین صاحب ہاشمیؓ (سابق امیر ماہل پور) کے ہاں ہوئی۔ آپ کی والدہ بھی صحابیہ تھیں اور نانا حضرت عبد القادر لدھیانویؓ 313 صحابہ میں سے تھے۔ تقسیم ملک سے قبل آپ فوج میں بھرتی ہوگئے۔ پھر حضرت خلیفۃالمسیح الثانی ؓکی تحریک پر حفاظتِ مرکز کے لئے اپنا نام پیش کردیا اور ابتدائی 313 درویشان میں شامل ہوئے۔ آپ نے اپنی تمام عمر بہت ہی سادگی کے ساتھ گزاری۔ نماز باجماعت کے عادی، متوکل، خلافت سے پیار کرنے والے تھے۔ جلسہ سالانہ 2005ء پر حضور انور قادیان تشریف لائے تو حضور کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے آپ سخت سردی میں گھر کے باہر کرسی پر بیٹھے تھے۔ حضور آپ کو دیکھ کر آپ کے پاس آگئے، مصافحہ اور معانقہ کیا اور خود سہارا دے کر آپ کو آپ کے گھر کے اندر لائے۔
آپ چار بھائی تھے جن میں سے مکرم مختار احمدصاحب ہاشمی ربوہ میں دفتر خدمت درویشان میں ملازم تھے۔ آپ نے بھی صدر انجمن احمدیہ قادیان کے مختلف دفاتر میں کام کیا اور ذیلی تنظیموں میں بھی خدمت کی۔ ریٹائرمنٹ کے وقت آپ سیکرٹری بہشتی مقبرہ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔آپ نے بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں