مکرم مولانا سلطان احمد صاحب پیرکوٹی
مکرم مولانا سلطان احمد صاحب پیرکوٹی مرحوم نے متعدد اہم کتب مرتب کی ہیں جن میں سے بعض حوالہ کی کتب کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہیں اور ان کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔آپ کچھ عرصہ فوج میں بھی ملازم رہے تھے اور بعد میں ریٹائرڈ فوجیوں کی تنظیم کے ویلفیئر آفیسر کے طوپر خدمات انجام دیں۔
مکرم پیرکوٹی صاحب کی یادگار خدمات میں سے حضرت مصلح موعودؓ کے خطبات کی تدوین و تحریر کا کام ہے۔ آپ حضورؓ کی رواں تقاریر لکھا کرتے تھے اور اس مقصد کے لئے کئی کچی پنسلیں تیار کرکے اپنے پاس رکھا کرتے تھے۔ آپ کو یہ مشق ہوگئی تھی کہ قلم کو کاغذ سے اٹھائے بغیر مسلسل لکھتے چلے جاتے اور نقطے وغیرہ بعد میں لگاتے۔ اس سلسلہ میں حضورؓ سے بھی بارہا ملاقات کا موقع ملتا تھا اور آپ بیان کیا کرتے تھے کہ حضرت مصلح موعودؓ نے بارہا اردو گرائمر اور زبان کی غلطیوں کی تصحیح فرمائی اور آپؓ کی یادداشت اتنی غیرمعمولی تھی کہ بعض دفعہ کسی لفظ پر نشان لگاکر فرمایا کرتے کہ یہ لفظ میں نے اپنی تقریر میں استعمال نہیں کیا اور ہمیشہ حضورؓ کی بات درست ثابت ہوتی۔روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍مئی 1997ء میں آپ کا ذکرِ خیر مکرم عبدالباسط شاہد صاحب کے قلم سے شائع ہوا ہے۔