مکرم چوہدری اقبال احمد صاحب دھوتڑ
مکرم چوہدری اقبال احمد صاحب یکم اگست 1951ء کو پنڈی دھوتڑاں تحصیل پھالیہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں پیدا ہوئے۔ آپ نے B.A., C.T. پاس کرنے کے بعد نارنگ میں مسلسل تیس سال تک تدریسی خدمات انجام دیں۔ آپ کا مختصر ذکر خیر روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 4 دسمبر 2004ء میں مکرم محمد خورشید قریشی صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
آپ اپنے والد مکرم چوہدری محمد حسین صاحب کی وفات کے بعد تقریباً 9سال تک صدر جماعت بھی رہے۔ اس دوران آپ نے پنڈی دھوتڑاں میں احمدیہ مسجد بنائی اور اپنا 4 کنال کا رقبہ احمدیہ قبرستان کے لئے مختص کیا۔ آپ کو سلسلہ کی کتب کے مطالعہ کا شوق تھا۔ نہایت غریب پرور شخص تھے، صلح جوئی طرۂ امتیاز تھا۔ کامیاب داعی اللہ، دعاگو، تہجد گزار، صاحب علم دوست تھے۔ مہمان نوازی تو گویا ورثہ میں ملی ہوئی تھی۔
آپ کے سکول میں 25افراد پر مشتمل سٹاف تھا جو سارے آپ کے مخالف تھے اور مکمل بائیکاٹ کئے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود آپ دعوت الی اللہ کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہ جانے دیتے۔ جماعتی رسائل اپنے سکول کے پتہ پر بذریعہ ڈاک منگواتے تھے۔