مکرم چوہدری سردار محمد صاحب
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان16 نومبر 2004 ء میں مکرم حکیم چوہدری بدرالدین عامل بھٹہ نے چند درویشانِ قادیان کا مختصر ذکر خیرتحریر کیا ہے۔
مکرم چوہدری سردار محمد صاحب مکرم محمد عبداللہ صاحب کے بیٹے تھے اور 15؍نومبر 1947ء کو قادیان ٹھہرنے والے ابتدائی درویشوں میں سے تھے۔ آپ بٹالہ کے پاس ایک گاؤں ونجواں کے رہنے والے زمیندار خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ زمین کم تھی اس لئے گزارہ تنگی سے ہوتا تھا۔ 1939ء میں جنگ عظیم دوم شروع ہوئی تو آپ کپڑے دھونے پر فوج میں ملازم ہو گئے۔ جنگ ختم ہوئی تو 1947ٰء کے شروع میں آپ بھی فوج سے فارغ ہو کر گھر لوٹ آئے۔ چند ماہ بعد جب خدام کو خدمت کے لئے قادیان بلایا گیا تو آپ بھی قادیان چلے آئے۔ اور قادیان سے پوری آبادی کے انخلاء تک مختلف محلہ جات میں پہرہ کی ڈیوٹیاں دیتے رہے۔
درویشانہ زندگی میں آپ لانڈری کا کام کھول کر اپنے گزارہ میں خودکفیل ہو گئے اور کم وبیش بیس سال تک آپ نے یہ کام کیا۔ پھر عمر کے تقاضا کے تحت یہ کام چھوڑ دیااور درویشانہ گزارہ پر انجمن کی طرف سے گزارہ پانے والے عملہ میں شامل ہو گئے اور بطور مدد گار کارکن متعدد دفاتر میں خدمت کرتے رہے۔ 10؍فروری 1982ء کو آپ کی وفات ہوئی۔
آپ نمازوں کے بڑے پابند تھے۔ طبیعت کی خرابی اور کمزوری کے باوجود بڑی مستعدی سے مسجد میں نماز پڑھنے آیا کرتے تھے۔